پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری آج سکھر میں تین سو بسترو ں پرمشتمل امراض قلب کے جدید ترین اسپتال این آئی سی وی ڈی کا افتتاح کریں گے۔
سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں قائم ہونےوالے 300 بیڈز پر مشتمل نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیک اینڈ ویسیکیولر ڈیزیزاسپتال کے افتتاح کےلئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔
خطیر رقم سے تعمیر ہونےوالے اس اسپتال میں دل کے امراض میں مبتلا افراد کو علاج و معالجے کی جدید ترین طبی سہولیات میسر آسکیں گی، جس سے نہ صرف سکھر بلکہ خیرپور، گھوٹکی، شکارپور ودیگر علاقوں کے عوام کو بھی فائدہ ہوگا۔
یہ اسپتال 8منزلہ عمارت پر مشتمل ہے، جس میں کارڈیک ایمرجنسی، آپریشن تھیٹر، سرجیکل وارڈ، بچوں کا وارڈ، میل وارڈ، فی میل وارڈ، سرجیکل آئی سی یو، سی سی یو، اسٹیپ ڈاؤن یونٹ، مشورہ کلینک، اکیوٹ بے، لیبارٹری، بلڈ بینک، ریڈیالوجی، بحالی برائے امراض قلب، کانفرنس روم، لائبریری اور دفاتر سمیت 20سے زائد شعبہ جات بنائے گئے ہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج سکھر میں اپنی نوعیت کے اس پہلے اسپتال کا افتتاح کریں گے۔
کراچی، ٹنڈو محمد خان، لاڑکانہ اور سہون کے بعد سکھر میں یہ پانچواں اسپتال ہے جہاں دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کا مفت علاج و معالجہ کیا جائے گا۔