میڈرڈ(نیوزڈیسک) سپین میں ایتھلیٹک بلباو اور اسپارٹک موسکو کے درمیان سنسنی خیز میچ کے دوران مداح آپس میں لڑ پڑے، پولیس کی مداخلت پر مشتعل شائقین کے پتھراؤ سے ایک پولیس اہلکار ہلاک ہو گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق یورپین لیگ فٹبال میچ کے اہم میچ میں اسپارٹک موسکو نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایتھلیٹک بلباؤ کو دو کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی جس کے بعد دونوں ٹیموں کے مداحوں کی ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی تصادم کا رخ کر گئی اور معاملہ ہاتھا پائی تک جا پہنچا جس کی وجہ سے اسٹیڈیم میں بھگدڑ مچ گئی، پولیس نے کشیدہ صورت حال سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر اسٹیڈیم کو خالی کرانے کا فیصلہ کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مرنے والے پولیس اہلکار کی عمر 50 سال ہے جو سر پر بھاری پتھر لگنے کی وجہ سے شدید زخمی ہوگیا جسے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم زیادہ خون بہہ جانے کے باعث وہ دوران علاج ہی دم توڑ گیا، ہسپانوی وزیر اعظم ماریانا راجوئے نے افسوس ناک واقعے کی مذمت کرتے ہوئے پْر تشدد شائقین کی فوری گرفتاری کی ہدایت کردی ہے۔