سکھر (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ایک روزہ دورے پر خصوصی پرواز کے ذریعے سکھر ایئرپورٹ پہنچےجہاں سے امراض قلب کے جدید ترین اسپتال کاافتتاح کرنے کے لئے روانہ ہوئے، اسپتال کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد بلاول بھٹوسینیٹر اسلام الدین شیخ کی رہائشگاہ سکھر ہاؤس پہنچے جہاں ان کے لئے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا تھا، بعد ازاں وہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کی رہائشگاہ بھی گئے، جہاں انہوں نے مختلف اراکین اسمبلی سے ملاقات کی، جس کے بعد وہ خصوصی پرواز کے ذریعے کراچی روانہ ہوگئے۔ بلاول بھٹو زرداری کی سکھر آمد کے موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کے مطابق سکھر اےئرپورٹ سے لیکر دل کے امراض کے علاج کے اسپتال اور سینیٹر اسلام الدین شیخ کی رہائشگاہ سے لے کر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کی رہائشگاہ تک بلاول بھٹو زرداری کی گزرگاہوں پر 1200 سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔