سکھر (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی سکھر آمد کے موقع پر میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کو صفائی کی ابتر صورتحال کو بہتر بنانے کا خیال آگیا، شاہراہوں کو شیشے کی طرح چمکاکر پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا گیا، شہر کی مختلف شاہراہوں پر میونسپل کارپوریشن کا عملہ گاڑیوں کے ذریعے صفائی کے کام میں مصروف رہا، جبکہ وہ شاہراہیں یا علاقے جہاں دن بھر دھول و مٹی کا طوفان اڑنا روز کا معمول ہے وہاں پر فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کے ذریعے پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا گیا جاری ترقیاتی کام کے باعث دن بھر دھول و مٹی کا طوفان اڑتا رہتا ہے جبکہ مین شاہراہ بندر روڈ پر جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر موجود رہتے ہیں شہریوں نے میونسپل کارپوریشن انتظامیہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ شہری مسائل کے حل اور شکایات کے ازالے کے لئے تو کام نہیں کرتی مگر وی آئی پی موومنٹ کی آمد کے موقع پر متحرک ہوئی ہے جس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ انتظامیہ کو شہریوں کی مشکلات کا کوئی احساس نہیں ہے، انہوں نے بلاول بھٹو زرداری سے مطالبہ کیا کہ وہ انتظامیہ کو اس بات کا پابند بنائیں کہ جس طرح وی آئی پی موومنٹ کی آمد کے موقع پر انتظامیہ صفائی و ستھرائی کررہی ہے اسی طرح عام دنوں میں بھی صفائی و ستھرائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔