لاہور(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکہ اسرائیل اور بھارت پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے اور دہشت گردی کا معاون ملک قرار دینے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگانے میں مصروف ہیں۔بھارت ایل او سی پر گولہ باری کرکے نہتے عوام کو قتل کر رہا ہے،حکومت کو ملکی مفادات کے تحفظ کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ بھارت کے اندر ہندو تنظیمیں مسلمانوں کا قتل عام کر رہی ہیں۔ کشمیر میں بھارتی فوج روزانہ مسلمانوں کو قتل اور تشدد کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ افغانستان سے پاکستان میں بھارتی قونصل خانے دہشت گردی کی کارروائیاں کرانے میں ملوث ہیں۔ بھارت ایل او سی پر سول آبادی پر روزانہ گولہ باری کرکے نہتے عوام کو قتل کر رہا ہے اور الٹا کمزور سفارتکاری کی وجہ سے پاکستان کو کٹہرے میں کھڑا کیا ہوا ہے۔ بھارت کے خلاف اتنی شہادتیں ہیں اگر انہیں حکومت اکٹھا کرے تو وہ دنیا میں منہ دکھانے کے قابل نہ رہے۔ اگر یہی حال رہا تو دشمن پاکستان کو دہشت گرد ممالک کی معاونت کرنے والے ممالک میں شامل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے ضلعی امرا اور سیکرٹریز کی 2روزہ ٹریننگ ورکشاپ کے آخری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ فرانس میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اجلاس میں فی الحال کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا تاہم ہمارے دشمن اس کے لئے کوشاں ہیں۔ تین ماہ کا مزید وقت دیا گیا ہے۔ حکومت پاکستان نے جس طرح اداروں کے ساتھ محاذآرائی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور ایک شخص کو بچانے کے لئے پوری حکومت ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے اسے ملکی مفادات کے تحفظ کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا معاشرہ مظلوم اور غلام ہے ، اس کی سیاست ، معیشت اور نظام تعلیم تک غلام ہے ، پوری آبادی کا بیشتر حصہ دو فیصد کے مفادات کے تحفظ میں لگا ہوا ہے اور اس کی پشت پر عالمی میڈیا اور اسٹیبلشمنٹ ہے ، ہمیں اس نظام کو تبدیل کرنا اور اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہے۔ ان حالات میں مظلوم غلام انسانوں کا ترجمان بننا ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ ملک میں غربت اور افلاس نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں ایک طرف ملکی وسائل کو سابقہ و موجودہ حکمرانوں نے لوٹ کر دولت کے انبار جمع کر لئے ہیں ، اندرون و بیرون ملک جائیدادیں بنائی ہیں اور کاروبار سیٹ کئے ہیں دوسری طرف یہ عالم ہے کہ عوام غربت کی چکی میں پس رہے ہیں ، مستقبل انشااللہ اسلام کا ہے ، جماعت اسلامی نے عوام کو کرپشن فری پاکستان کا نعرہ دیا ہے ، اسلامی پاکستان ہی خوشحال پاکستان ہوگا ، یہاں پر سیاسی معاشی اور مالی کرپشن ہے جس کے خلاف ہم نے عوام کو کھڑا کیا ہے ، انہوں نے کہاکہ الیکشن 2018 پر فوکس کرنا ہے اور منظم و متحد ہو کر حالات کا مقابلہ کرنا ہے ، 3مارچ کو کراچی میں ایک بڑا یوتھ کنونشن ہوگا، 23 مارچ کو پشاور اور یکم اپریل کو پنجاب میں بڑے یوتھ کنونشن منعقد کئے جائیں گے جن ، میں لاکھوں نوجوان شریک ہوں گے۔ سینیٹر سراج الحق نے ذمہ داران جماعت کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ کے پاس حق ا ورسچائی اور مبنی برحق پیغام ہے آپ پورے اعتماد کے ساتھ اپنے مورچے میں ڈٹے رہیں اور اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کا عزم کریں وسائل اور طاقت حاصل کریں انشاءاللہ مستقبل اسلام کا ہے۔