احتساب عدالت نے وفاقی وزیر اسحاق ڈار کے خلاف ضمنی ریفرنس کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے صدر نیشنل بینک سعید احمد سمیت 3نئے ملزمان کو 28 فروری کے لیے طلبی کے سمن جاری کر دیئے۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر خزانہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس کی سماعت کی۔
آج ہونے والی سماعت کے موقع پر نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر عمران شفیق اور تفتیشی افسر نے ضمنی ریفرنس رجسٹرار آفس میں جمع کروایا، 7 والیمز پر مشتمل ضمنی ریفرنس اور اس سے متعلقہ دستاویزات 2 ڈبوں میں احتساب عدالت پہنچائی گئیں۔
نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر عمران شفیق نے عدالت کو بتایا کہ ضمنی ریفرنس میں 3نئے ملزمان شامل ہیں جن میں صدر نیشنل بینک سعید احمد، نعیم محمود اور سید منصور رضا رضوی شامل ہیں جبکہ اس میں 24 نئے گواہان بھی شامل ہیں۔
ضمنی ریفرنس میں ملزمان کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات شامل ہیں جس کے مطابق انہوں نے 4 اعشاریہ 06 ملین ڈالرز کی ٹرانزیکشنز کیں جس کی مالیت پاکستانی روپوں میں 48 کروڑ 28 لاکھ روپے بنتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر نیب پراسیکیوٹر نے آج ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔