• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپرفلائی وت ورلڈ چیمپئن شپ، برٹش پاکستانی باکسر تاصف خان کی فائنل میں کامیابی

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) بریڈ فورڈ سے تعلق رکھنے والے برٹش پاکستانی باکسر تاصف خان نے سپر فلائی ویٹ ورلڈ چیمپئن کا دفاع کرتے ہوئے میکسیکو کے باکسر جون لوپیز مارٹینز کو ساتویں رائونڈ میں شکست دے دی۔ بریڈ فورڈ میں ہونے والے اس مقابلے کو دیکھنے کے لیے پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ انگریز کمیونٹی کی بھی کثیر تعداد موجود تھی، جنہوں نے میچ کے دوران تاصف خان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ کامیابی کے بعد ’’جنگ‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے تاصف خان کا کہنا تھا کہ انہیں برٹش پاکستانی ہونے پر فخر ہے۔ برطانیہ میں وہ جہاں بھی کھیلتے ہیں وہ برطانیہ کے پرچم کے ساتھ ساتھ پاکستان کے قومی پرچم کے سائے میں میدان میں آتے ہیں، ان کا کہنا تھا میری کامیابی پورے پاکستان کی کامیابی ہے، وہ دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرتے رہیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ میں پاکستان میں جاکر باکسنگ اکیڈمی قائم کرکے پاکستان کے نوجوان کو نہ صرف تیار کروں گا بلکہ پاکستان میں ہونے والے باکسنگ مقابلوں میں بھرپور حصہ لوں گا، نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے تاصف خان کا کہنا ہے کہ محنت، جذبہ اور سچی لگن ہو تو ناممکن کو بھی ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ تاصف خان کا میچ دیکھنے کے لیے بریڈ ویسٹ کی ممبر پارلیمنٹ ناز شاہ بھی اپنے بچوں کے ہمراہ موجود تھیں۔ انہوں نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے فخر کا مقام ہے کہ بریڈ فورڈ کا پاکستانی نوجوان تاصف خان باکسنگ میں اپنی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ حکومتی سطح پر تاصف خان جیسے برٹش پاکستانی نوجوانوں کی بھرپور حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔ پاکستانی نوجوانوں کے لیے تاصف خان ایک رول ماڈل ہیں۔ کونسلر امیدوار کامران حسین نے کہا کہ تاصف خان کی کامیابی پر بلاشبہ پوری کمیونٹی اور بریڈ فورڈ کو فخر ہے۔ نوجوان نسل کو ایسی مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب ہونا چاہیے۔ باکسنگ آرگنائزر نے برٹش پاکستانی باکسر کے مستقبل کو تابناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی سے ان کے لیے اب انٹر نیشنل باکسنگ فیڈریشن کے دروازے کھل گئے ہیں اور اب وہ اس ٹائٹل تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں، اس سے قبل ورلڈ سپر فلائی ویٹ کے علاوہ گلوبل باکسنگ یونین اور ورلڈ باکسنگ یونین میں چیمپئن کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔ تاصف خان نے ایک سال کے دورانیے میں مسلسل دو کامیابیاں اپنے نام کی ہیں، جبکہ اس سے قبل وہ16فائٹ کرچکے ہیں۔ میکسیکو کے باکسر کے ساتھ یہ ان کی سترویں فائٹ تھی جن میں وہ صرف ایک فائٹ میں ناکام ہوئے ہیں۔ گزشتہ روز ہونے والی فائٹ میں ان کے مدمقابل میکسیکو کے جوان لوپیز مارٹینز بھی ایک تجربہ کار باکسر ہیں۔ اس سے قبل وہ 22فائٹ لڑ چکے ہیں۔ تاہم انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ فائٹ میں بھی انہوں نے تاصف خان کو ٹف ٹائم دیا اور جم کا مقابلہ کیا۔ تاہم وہ ساتویں رائونڈ میں ناک آئوٹ ہوئے۔ تاصف خان نے سوشل میڈیا پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے سپورٹروں کا شکریہ ادا کیا۔
تازہ ترین