ملتان، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، این این آئی ) ملتان میں علیٰ الصبح ہلکی بارش کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں چند مقامات ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ بادل چھائے رہیں گے ۔ گذشتہ روز بھی ملتان میں بادل چھائے رہے اور فضا میں ہلکی دھند بھی موجود رہی ۔ آسمان پر بادلوں اور ٹھنڈی ہوا چلنے کی وجہ سے ملتان کا موسم خوشگوار رہا ۔محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر مغربی اور بالائی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، کوئٹہ، ژوب ڈویژن، اسلام آباد، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پرگرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن، بالائی فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پرگرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش پاراچنار میں 7 ملی میٹر، بالاکوٹ، کالام 4، پٹن 3، کاکول، مالم جبہ ایک، مری 4، گجرات 3، سیالکوٹ، چکوال 2، راولاکوٹ 9، کوٹلی 8، مظفرآباد 4، گڑھی ڈوپٹہ 2، سکردو 6، بگروٹ 4، استور اور گلگت میں ایک ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ مالم جبہ میں 3 انچ برف باری ریکارڈ کی گئی ۔