پشاور(خبر نگار خصوصی) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) پشاور کے کوہاٹ کیمپس میں پانچ روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا ، جس کا مقصد سی ایس ٹی کا استعمال کرتے ہوئے جدید تقاضوں کے مطابق انٹینا کے مختلف ڈیزائنز کے بارے میں تحقیق اور سفارشات مرتب کرنا تھا۔ ورکشاپ میں یو ای ٹی کوہاٹ کیمپس، بنوں یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، انسٹیٹیوٹ آف انڈسٹریل کنٹرول سسٹم اور نیشنل سنٹر فار فزکس اسلام آباد کے ماہرین اور طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی یو ای ٹی کے الیکٹریکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر گلزار احمدتھے۔ انہوں نے ورکشاپ کے منتظمین پروفیسر ڈاکٹر امجد اللہ خٹک اور ڈاکٹر محمد عرفان خٹک کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طر ح کی سرگرمیوں سے تعلیم و تحقیق کو فروغ ملنے کے علاو ہ ایک دوسرے کے ساتھ تبادلہ خیال کا بھرپور موقع ملتا ہے۔ بعد ازاں انہوں نے ورکشاپ کے شرکاء میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے۔