میئر لندن صادق خان نے مسلم مخالف جرائم کو ناقابل رعایت قرار دیا اور کہا کہ ان حرکتوں سے باز نہ آنے والوں کو گرفتاری کے ساتھ مقدمات کا سامنا بھی کرنا پڑے گا ۔
لندن میئر آفس فارپولیسنگ اینڈکرائم کی سالانہ رپورٹ میں مسلمانوں کے خلاف جرائم کی وارداتوں میں 40فیصد اضافے کا انکشاف کیا گیا ہے ۔
اسلام فوبک ہیٹ کرائم کے حوالے سے رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ 2016ء میں مسلمانوں کے ساتھ مذہبی یا نسلی بنیادوں پر نفرت پر مبنی جرائم کی تعداد 1205تھی جو 2017ء میں بڑھ کر 1678تک پہنچ گئی ہے جو 40فیصد زیادہ ہے ۔
اسکاٹ لینڈیارڈ نے خبردارکیا ہے کہ میئر لندن کے دفتر برائے پولیسنگ اینڈ کرائم کے اعداد وشمارحقیقی واقعات کے مقابلے کم ہیں،بہت سے واقعات رپورٹ ہی نہیں ہوئے ۔
اس سلسلے میں میئر لند ن صادق خان نے مسلم مخالف جرائم کے مرتکبین کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان حرکتوں سے باز رہیں ور نہ انھیں گرفتاری اور مقدمات کا سامنا کرنے پڑیگا، اور اس معاملے میں کوئی رورعایت نہیں کی جائے گی۔
انھوں نے مزید کہا کہ لندن وہ شہر ہے جہاں ہم تنوع کا اظہار اسکا فروغ اور عملی مظاہرہ کرتے ہیں۔انھوں نے اہل لندن سے اپیل کی کہ وہ اس حوالے سے وہ اکٹھے ہوکر دنیا کو یہ پیغام دیں کہ چند لوگ ہمارے شہر کو تقسیم نہیں کرسکتے۔
ادھر مسلم رہنمائوں اور پولیس کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کے خلاف نفرت پر مبنی جرائم کے واقعات کا تعلق گزشتہ برس ہونے والے لند ن برج اور مانچسٹر آرینا دہشت گردی واقعات سے ہیں۔