پشاور(خبر نگار خصوصی) ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور سرحد یونیورسٹی پشاور کے زیر اہتمام آل پاکستان والی بال مقابلے قیوم سٹیڈیم پشاور میں شروع ہوگئے جس میں ملک بھر سے 14ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جن میں عبدالولی خان یونیورسٹی مردان، آغاخان یونیورسٹی کراچی، پنجاب یونیورسٹی، یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب لاہور، ہمدرد یونیورسٹی کراچی، یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنوں، یونیورسٹی آف سرگودھا، گومل یونیورسٹی ڈی آئی خان، سپیرئیر سائنس یونیورسٹی لاہور، بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان ،یونیورسٹی آف آزاد جموں اینڈ کشمیر، پونچھ یونیورسٹی راولا کوٹ آزاد جموں اینڈ کشمیر، یونیورسٹی آف پشاور اور یونیورسٹی آف بلوچستان کوئٹہ شامل ہیں۔ افتتاحی روز تمام یونیورسٹیوں کے منیجرز نے ایک اجلاس میں شرکت کی ۔اس موقع پر سرحد یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم الرحمان کا کہنا تھا کہ سرحد یونیورسٹی نے ہمیشہ کھیلوں کے فروغ کے لئے کام کیا ہے،ایچ ای سی کی موجودہ والی بال چمپئن شپ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔