اسلام آباد (صالح ظافر) سینیٹر اسحاق ڈار کو کوئی وزارت دیئے بغیر ہی وفاقی وزیر کا عہدہ دیدیا گیا ہے جبکہ وزیراعظم کے مشیر برائے امور خزانہ مفتاح اسماعیل کو وزارت کی مکمل ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ جمعرات کو مفتاح قومی اسمبلی میں پہلی مرتبہ حاضر ہوئے اور ایوان میں وزارت کی جانب سے بیان دیا۔ سینیٹر ڈار گزشتہ سال دل کا عارضہ لاحق ہونے کے بعد پاکستان سے روانہ ہوگئے تھے اور اب وہ لندن میں زیر علاج ہیں۔ ان پر اسلام آباد کی خصوصی عدالت میں نیب کے تحت مقدمات چل رہے ہیں ذرائع نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ اسحاق ڈار کی سینیٹ رکنیت آئندہ ہفتے ختم ہونے والی ہے اور وہ پنجاب سے دوبارہ سینیٹ کا انتخاب لڑ رہے ہیں۔ امکان ہے کہ وہ آسانی سے یہ الیکشن جیت جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر نواز لیگ کو اپنی پسند کا چیئرمین سینیٹ منتخب کرنے کا موقع ملا تو اسحاق ڈار چیئرمین سینیٹ بن سکتے ہیں۔ یہ بات اہم ہے کہ تین سال قبل میاں رضا ربانی کو بلا مقابلہ چیئرمین سینیٹ منتخب کرانے کیلئے اسحاق ڈار نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ اسی دوران سینیٹر اسحاق ڈار کی تصویر وزارت خزانہ کی ویب سائٹ سے ہٹا دی گئی ہے جبکہ قومی اسمبلی کی ویب سائٹ پر انہیں بنا وزارت کا وفاقی وزیر بتایا گیا ہے۔