• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
نئی کتابیں

سلطان محمّد فاتح

فلاح کی راہیں

مصنّف: پروفیسر محمّد سرور ارشد

صفحات: 386، قیمت درج نہیں

ناشر:ادارۃُ النور، انور مینشن، بنوری ٹائون، کراچی

زیرِتبصرہ کتاب کا بنیادی موضوع، دینِ اسلام کی عظمت و حقانیت اور صداقت کو ثابت کرنے کے ساتھ ساتھ اسلامی تعلیمات اور اسلامی افکار کا دیگر مذاہب کے افکار و تعلیمات سے تقابلی جائزہ پیش کرنا ہے۔کتاب نو ابواب پر مشتمل ہے، ہر باب میں ذیلی عنوانات کے تحت مختلف موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے۔مصنّفِ کتاب ’’عمرانیات‘‘ کے پروفیسر ہیں۔کتاب کی خُوبی یہ ہے کہ اس میں جدید نظریات کی روشنی میں اسلامی فلسفۂ حیات ،تصوّف اور اسلامی افکار و تعلیمات کو موضوع بناتے ہوئے ثابت کیا گیا ہے کہ اسلام دینِ کامل، ابدی ضابطۂ حیات اور تمام ادیان ومذاہب میں امتیازی شان کا حامل ہے۔

دومیماں و الانام (پنجابی نعتیہ مجموعہ)

شاعر: منیراحمد خاور

صفحات160: ، قیمت: 200 روپے

ناشر: احسن پبلی کیشنز، فیصل آباد

یہ سرورِ کائنات حضرت محمّدﷺ کی سیرتِ پاک اور آپﷺکے بے مثال اسوۂ حسنہ کا امتیاز ہے کہ اسے نعتیہ اسلوب میں پیش کرنا اور نعتیہ ادب کا موضوع بنانا اسلامی تاریخ کی ایک قابلِ فخر روایت کے طورپر مسلم معاشرے کا دینی، تہذیبی اور ثقافتی حصّہ رہاہے۔ جس طرح اسلام کی چودہ سوسالہ تاریخ میں ہردَور کے سیرت نگاروں نے آپﷺکی حیاتِ پاک کے مختلف گوشوں، آپﷺکے فضائل و شمائل اور سیرتِ طیّبہ کے ہمہ جہت موضوعات پر مختلف اسالیب میں کتابیں لکھیں، دنیا کی مختلف زبانوں میں آپﷺکے حضور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، اسی طرح یہ بھی اسلامی اور عالمی ادب کا اختصاص و امتیاز ہے کہ عالمی اور علاقائی زبانوں میں سیرت و نعت پر گراں قدر کتابیں لکھی اور شایع کی گئیں۔ پیشِ نظر کتاب بھی علاقائی زبانوں میں آپﷺکے حضور پیش کیے گئے گل ہائے عقیدت کا تسلسل ہے۔پنجابی زبان میں پہلے بھی سیرت و نعت پر بے شمار کتابیں شایع ہوچکی ہیں اور یہ کتاب بھی پنجابی زبان کے نعتیہ ادب کا قابلِ فخر حصّہ ہے۔

پائوں چُھونے کی طلب (نعتیہ مجموعہ)

شاعر: رونق حیات

صفحات: 176 ،قیمت: 400 روپے

ناشر: نیاز مندانِ کراچی

رونق حیات کی نعتیہ شاعری میں سیرت نگاری، شمائل رسولﷺ، آپﷺکے اسوۂ حسنہ کا تذکارِ جمیل اور مدینۂ طیّبہ جانے کی آرزو کے مشترک موضوعات کمالِ فن کے ساتھ دکھائی دیتے ہیں۔’’پائوں چُھونے کی طلب‘‘ گویا درِرسولﷺ پر حاضری اور آپﷺ کے روضۂ انور کی زیارت کی تمنا ہے، جس کا اظہار اس نعتیہ مجموعے میں جابجا نظرآتا ہے۔بقول جمیل جالبی ’’رونق کی نعتوں میں سنجیدگی اور خلوصِ دِل شامل ہے۔ان کے تخیل کی چابک دستی اور عشقِ رسولﷺ کی شدّتِ احساس نے ان کے نعتیہ کلام کو ایک نئی جہت دی ہے‘‘۔ بلاشبہ، یہ کتاب متنوع نعتیہ مضامین و موضوعات کے ساتھ ساتھ سرکارِدوجہاںﷺسے عقیدت و محبّت کا عظیم مظہر ہے۔ رونق، اپنے ایک نعتیہ شعر میں کیا خُوب کہتے ہیں۔؎’’اُن ہی کے خلق سے ہے زمانے میں رنگ وبُو…اُن ہی کی خوشبوئوں سے ہے، ہر گُل بسا ہوا۔‘‘

قُرآنی معلومات

مصنّف:گروپ کیپٹن

(ر) عبدالوحید خان

صفحات: 260 ،

قیمت: درج نہیں

کتاب ملنے کا پتا36/A: سائوتھ سینٹرل ایونیو- فیزII -ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی، کراچی

پیشِ نظر کتاب جیسا کہ نام سے ظاہر ہے، قرآنی معلومات پر مشتمل ہے، جس کے تاحال پندرہ کے قریب ایڈیشن شایع ہوچکے ہیں۔42مختلف عنوانات کے تحت فاضل مصنّف نے قرآن کریم کے مختلف اور ہمہ جہت موضوعات پر بعض نہایت مفید معلومات جمع کردی ہیں، جس کا مطالعہ قارئین کی معلومات میں اضافے کا باعث ہوگا۔ قرآنِ کریم رشد و ہدایت کا سرچشمہ اور ابدی ضابطۂ حیات ہے۔ اس سے متعلق معلومات ایک مسلمان کےلیے جہاں دین و دنیا میں فلاح اور کام یابی کی ضامن ہیں، وہیں یہ کتابِ ہدایت ایک ابدی دستورِ حیات کی حیثیت بھی رکھتی ہے، جس سے آگہی اور بصیرت حاصل کرنا ایک بنیادی فریضہ بھی ہے ور دین کا تقاضا بھی۔ اسی نظریے اور ضابطے کے پیشِ نظر یہ کتاب تحریر کی گئی ہے، جس کا مطالعہ ہر شعبۂ زندگی سے وابستہ افراد کےلیے افادیت کا باعث ہوگا۔

غنچۂ حمد و نعت

شاعر: ولایت علی میر

صفحات: 161،

قیمت: ہدیہ/بلاقیمت

ناشر:میرایجوکیشنل سوسائٹی،139۔پی کشمیر روڈ،کراچی

زیرِتبصرہ کتاب، جیسا کہ عنوان سے ظاہر ہے، حمدونعت پر مشتمل ہے۔ولایت علی میر کے قبل ازیں متعدد شعری مجموعے شایع ہوچکے ہیں۔حمد و نعت پر مبنی یہ مجموعہ بلاشبہ، موصوف کی سرورِ کونینﷺ سے عقیدت و محبّت کا مظہر اور آپﷺ کے حضور منظوم خراجِ عقیدت ہے۔نعتیہ شاعری کی اساس عشقِ رسولﷺاور حُبِّ مصطفیﷺ ہے اور ’’غنچۂ حمد و نعت‘‘ کے اشعار اس حقیقت کی ترجمانی کرتے نظرآتے ہیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین