کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان طلعت حسین کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں پارٹی کے بجائے پراپرٹی بن گئی ہیں، سینیٹ میں لوگ پیسے کی بنیاد پر آئیں گے تو ملک کی بھلائی نہیں ہوگی، پارٹیوں نے سینیٹ کیلئے ایسے لوگوں کو ٹکٹ دیئے جن کی پیسے کے علاوہ کوئی اہلیت نہیں تھی، الیکشن کمیشن کی موجودگی میں پارٹیوں کے اندر الیکشن ہونے چاہئیں۔ وہ جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان طلعت حسین کے ساتھ“ میں میزبان طلعت حسین سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کی رہنما تہمینہ دولتانہ،صدر پلڈاٹ احمد بلال محبوب،سینئر صحافی سلیم صافی اور سینئر تجزیہ کار افتخار احمد بھی شریک تھے۔تہمینہ دولتانہ نے کہا کہ ہماری پارٹی کے معاملات میں دخل دینا عدلیہ کا کام نہیں ہے، ن لیگ نے سینیٹ انتخابات میں سیاسی لوگ کھڑے کیے، ہمارے امیدوار بکنے والے نہیں ہیں، نواز شریف اصولوں پر کھڑے ہو کر اپنے ووٹ کی عزت مانگ رہے ہیں۔احمد بلال محبوب نے کہا کہ سینیٹ الیکشن ہوجانا بڑی کامیابی ہے،ن لیگ کیلئے اس الیکشن میں فتح کی صورتحال نظر نہیں آئی، پی ٹی آئی نے سینیٹ انتخابات میں توقع کے مطابق نشستیں حاصل کیں، سینیٹ انتخابات میں سب سے اچھی حکمت عملی پیپلز پارٹی کی تھی۔سینئر صحافی سلیم صافی نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں کئی سطحوں پر پیسہ چلا ہے، ن لیگ نے باصلاحیت لوگوں کے بجائے کئی نووارد کروڑ پتیوں کو ٹکٹ دیئے، پرویز خٹک نے آصف زرداری سے کہا میں آپ کو دو نشستیں رضاکارانہ طور پر دیتا ہوں ایسے کام نہ کریں۔