• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوزائیدہ بچوں کی ہلاکت پر چیف جسٹس کا ازخود نوٹس

لاہور ( این این آئی) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ملک میں نومولود بچوں کی شرح اموات سے متعلق ازخود نوٹس لے لیا۔اقوام متحدہ کے ادارے برائے اطفال (یونیسف) کی رپورٹ میں پاکستان کو نومولود بچوں کی شرح اموات کے حوالے سے دنیا کا سب سے خطرناک ملک قرار دینے کی خبر کو پاکستان کے لیے عالمی دنیا میں شرمندگی کا باعث بننے پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے آئندہ ہفتے سماعت کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں نومولود بچوں کی شرحِ اموات 46فیصد تک ہے جبکہ ہر 10ہزار افراد پر صرف 14ڈاکٹرز کی سہولت میسر ہے، اس کے برعکس جاپان میں 11سو بچوں میں سے صرف ایک کے انتقال کرجانے کا خطرہ ہوتا ہے۔اس حوالے سے چیف جسٹس ثاقب نثار نے نومولود بچوں کی شرح اموات کے لحاظ سے پاکستان کو خطرناک ملک قرار دینے سے متعلق ملکی اور غیر ملکی اخباروں میں شائع ہونے والے آرٹیکل میں بتائے گئے اعداد و شمار کو شرم ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ گھمبیر صورت حال وطن عزیز کی دنیا بھر میں بدنامی کا باعث بن رہی ہے جس کی تحقیقات ہونی چاہیے اور ذمہ دار اداروں کا تعین بھی ہونا چاہیے۔
تازہ ترین