نوابشاہ(بیورورپورٹ)نوابشاہ میں خسرے سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگنے سے تین بچے جاں بحق اور تین کو نازک حالت میں کراچی منتقل کر دیا گیا،پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے نوٹس لیکرذمہ داروں کیخلاف کاروائی کا حکم دیا ہےجبکہ واقعہ کی تحقیقات کیلئے تین رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے ‘بچوں کی ہلاکت کے خلاف علاقہ مکینوں نے سانگھڑروڈپر احتجاجی مظاہرہ کیا اورٹائرجلاکر سڑک بلاک کردی‘ کمشنر کا کہنا ہے کہ اموات کی وجہ ٹیکوں کا زائدالعیاد ہونا ہے یا کچھ اور اس کا پتہ تحقیقات میں چلے گا،تفصیلات کے مطابق پرانے نوابشاہ کے علاقے سعید آباد کالونی میں گزشتہ روز محکمہ صحت کی جانب سے بچوں کو خسرہ کے حفاظتی ٹیکے لگائے گئے جس کے بعد متعدد بچوں کی حالت غیر ہو گئی‘ متاثرہ بچوں کو پی ایم یو اسپتال نوابشاہ داخل کرایا گیا جہاں فوری طبی امداد نہ ملنے کے باعث تین بچے 5 سالہ حسنین ،4سالہ قمر اور تین سالہ بچی ہانیہ نور فوری طبی امداد نہ ملنے کے باعث جاں بحق ہو گئے جبکہ تین بچوں تین سالہ ثانیہ،5 سالہ زبیر اور 4 سالہ جنت کو نازک حالت کے باعث کراچی منتقل کر دیا گیا ۔ واقعے کے بعد اہل علاقہ نے سانگھڑ روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی ‘اطلاع ملنے پر کمشنر شہید بینظیر آباد ڈویژن غلام مصطفی پھل،ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق لاٹکی اور میونسپل کمیٹی کے چیئرمین عظیم مغل بھی اسپتال پہنچ گئے۔جاں بحق بچوں کی لاشیں گھر پہنچیں تو کہرام مچ گیا جنہیں بعدازاںمقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔