وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی نیپالی ہم منصب کھدگا پرساد شرما سے ملاقات کی ، ملاقات میںدو طرفہ سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
کٹھمنڈو میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نیپالی ہم منصب کھدگا پرساد شرما سے ملاقات میں دو طرفہ اہمیت کے امور پرتبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے اقتصادی تعاون بڑھانے کےلیے نئے مواقع تلاش کرنے اور عوامی رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا، وزیر اعظم نے نیپالی ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
دوسری جانب شاہد خاقان عباسی سے سارک کے سیکرٹری جنرل امجد حسین سیال نے بھی ملاقات کی، وزیراعظم سے نیپالی قومی اخبارات، ٹی وی چینلز کے سی ای اوز اور ایڈیٹرز نے ملاقات میں سی پیک میں پیش رفت سے متعلق آگاہی میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے ایڈیٹرز کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں سے آگاہ کیااور کہا کہ پاکستان میں جمہوری روایات کے باعث میڈیا آزاد اور متحرک ہے، پاکستان میں سیاسی استحکام اور جمہوریت کے باعث ترقی ہوئی۔