کوئٹہ (خ ن) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور ، پراسیکیوشن جنگلات و جنگلی حیات سیدمحمد رضا نے کہا ہےکہ اس سال سبی کا تاریخی میلہ شایان شان انداز میں منایا گیا اور میلے کی اہمیت کے پیش نظر انہوں نے ذاتی طور پر تمام ایونٹس کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میلے کے کامیاب انعقاد پر میلہ انتظامیہ اور محکمہ امور حیوانات خراج تحسین کے مستحق ہیں قلیل اورمحدود وسائل کے باوجود محکمہ امور حیوانات نے بڑے احسن اندازمیں اپنے فرائض انجام دیئے اور مالداروں اور عوام کی سہولت اور تفریحی سرگرمیوں پر خاص توجہ رکھی ۔ انہوں نے دیگر محکموں کی پر جوش شرکت پر انہیں مبارک باد پیش کی میلے کے دوران سیکورٹی کے شاندار انتظامات پر سیکورٹی اداروں کے کردار کو سراہا اور کہاکہ میلے کے دوران کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ رپورٹ نہ ہونا سیکورٹی اداروں کی کامیابی ہے جس کے لئے تمام ادارے تحسین کے مستحق ہیں انہوں نے بلوچستان کی عوام اور خصوصاً سبی کےعوام کا شکریہ ادا کیا جن کی عملی شرکت نے میلے کو ناصرف کامیاب بنایا بلکہ چار چاند لگائے ۔ انہوں نے ان تمام پرفارمنسز کو بھی سراہا اور پرفارمرز کو داد دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی عوام صلاحیتوں سے مالا مال ہیں بس ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں مواقع فراہم کئے جائیں ۔ آخرمیں صوبائی وزیر نے صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ممنون حسین اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا شکریہ ادا کیا جو اپنی بے پناہ مصروفیات کے باوجود ہماری حوصلہ افزائی کیلئے تشریف لائے جو انتہائی خوش آئند ہے جس سے عوام میں یقین کی فضا بحال کرنے میں مدد ملی اوربلوچستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے آسکے گا۔