• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیفاکی معطلی چند ہفتوں میں ختم ہو جائے گی، فیصل صالح

فیفاکی معطلی چند ہفتوں میں ختم ہو جائے گی، فیصل صالح

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر فیصل صالح حیات نے امید ظاہر کی ہے کہ اکتوبر 2017میں پاکستان پر عائد کی جانے والی فیفا کی معطلی چند ہفتوں میں ختم ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ان کی منتخب فٹ بال باڈی کے خلاف سیاسی پشت پناہی کی بنیاد پرکام کرنے والے عناصر کی وجہ سے پاکستان میں فٹبال کی بنیاد تباہ ہو چکی ہے، پاکستان کے فٹ بال کے تین قیمتی سال ضائع کر دیئے گئے ہیں اور اس دوران کھیل کو پہنچنے والے نقصان کی وجہ سے دوبارہ صفر سے شروع کرنا پڑے گا۔

فٹ بال دشمن عناصر کا کڑا احتساب ہونا چاہئے جنہوں نے فیفا کی تسلیم شدہ پی ایف ایف باڈی کے کام میں روڑے اٹکائے۔ فٹ بال کی عالمی تنظیم نے گزشتہ سال اکتوبر میں پاکستان کی ممبر شپ معطل کرتے ہوئے واضح پیغام دیا تھا کہ جب تک پی ایف ایف کا چارج عدالت کے مقرر کردہ ایڈمنسٹریٹر سے لے کر واپس فیصل صالح حیات کی سربراہی میں قائم فیفا کی تسلیم شدہ منتخب پی ایف ایف باڈی کے حوالے نہیں کیا جاتا، پاکستان کی فیفا ممبرشپ معطل رہے گی۔

فیصل صالح حیات نے کہا چونکہ لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ کے فیصلے کے بعد اب ہم پی ایف ایف کا انتظامی و مالیاتی کنٹرول سنبھال چکے ہیں لہذا پاکستان کی فیفا کی جانب سے معطلی اب زیادہ دیر نہیں رہےگی۔

تین سال قبل پاکستان کا فٹ بال ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا تھا اور 2014میں پاکستان کی قومی فٹ بال ٹیم اپنے سے کہیں بہتر فیفا رینکنگ رکھنے والی ٹیموں روائتی حریف بھارت اور افغانستان کو شکست دے چکی تھی۔

ہمارے کھلاڑی بشمول کلیم اللہ بین الاقوامی معاہدوں سے کڑوڑوں روپے حاصل کر رہے تھے مگر سیاسی پشت پناہی کی بنیاد پر جون 2015 میں ہمارے سیکرٹریٹ پر بزور طاقت قبضہ کر لیا گیا جس سے فٹ بال کے لئے ایک تباہ کن دور کا آغاز ہو گیا مگر ہم ہمت نہیں ہاریں گے اور دوبارہ جلد از جلد فٹ بال کی بھر پور سرگرمیوں کا آغاز کریں گے۔

تازہ ترین