پاکستان سپر لیگ تھری کے 19ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 67رنز سے مات دے دی۔
کراچی کنگز اپنی اننگز میں مقررہ 20 اوورز کھیل کر 8 وکٹ کے نقصان پر صرف 113رنز اسکور تک محدود رہی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا آج کا دوسرا میچ تھا،جہاں آج کنگز ٹیم ، گلیڈی ایٹرز ٹیم کے سامنے بے بس دکھائی دی اور یک طرفہ طور پر میچ میں شکست کھا گئی۔
دونوں ٹیموں کا ایونٹ میں آج دوسری مرتبہ سامنا ہوا، پہلے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 19رنز سے فتح حاصل کی تھی۔
میچ میں کنگز کی ٹیم اپنی اننگز کے آغاز سے ہی شدید مشکلات سے دوچار رہی اور صرف 55رنز کے اسکور پر اس کے 4 بیٹسمین پویلین لوٹ گئے۔
گلیڈیٹرز کے 181رنز کے ہدف کے تعاقب میں کنگز کی اننگز کا آغاز مثبت انداز میں نہیں ہوسکا اور صرف 2رنز کے اسکور پر ٹیم کو دونوں اوپنرز کا نقصان اٹھانا پڑا ۔
اوپنر جو ڈینلی اننگز کے پہلے ہی اوور میں ایک رنز بنا کر محمد نواز کا شکار بنے، انہیں کپتان سرفراز نے اسٹمپ آئوٹ کیا، پھر اس کے اگلے ہی اوور میں شاہد آفریدی جو ایک لمبے عرصے کے بعد اوپننگ پوزیشن پر کھیل رہے تھے ،ایک رن کے ہی اسکور پر راحت علی کی وکٹ بن گئے جبکہ ان کا کیچ بین لاہلین نے تھاما۔
پھر کولن انگرام آئے لیکن وہ بھی زیادہ دیر ٹک نہ سکے اور 6 گیندوں پر 5 رنز ایک چوکے کی مدد سے اسکور کرکے حسن خان کو وکٹ دے بیٹھے اور ان کا کیچ محمد نواز کے حصے میں آیا۔
بابر اعظم اور کپتان عماد وسیم نے کچھ ہاتھ دکھائے لیکن بابر اعظم 32گیندوں پر اتنے ہی رنز اسکور کرکے شین واٹسن کا شکار بن گئے تاہم ان کا کیچ انور علی نے پکڑا۔
کپتان عماد وسیم کنگز کی جانب سے اننگز میں 35رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، وہ راحت علی کا شکار بنے اور ان کا کہیچ بھی انور علی کے حصے میں آیا۔
بعد میں ڈیوڈ ویز بھی انور علی کی وکٹ بن گئے انہوں نے 5 رنز اسکور کیے اور پھر محمد عرفان آئے جو پہلی ہی گیند پر انوار علی کی دوسری وکٹ بن گئے۔
کراچی کے محمد رضوان 27گیندوں پر بغیر کسی چھکے چوکے کے 26ربز اسکور کرکے ناقابل شکست رہے جبکہ محمد عامر 7 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 6 رنز بنا سکے۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 181رنز کا ٹارگٹ سیٹ کیا ،گلیڈی ایٹرز بیٹسمین ٹاس ہار گئے تھے پر ہمت نہیں، انہوں نے کنگز کے بولرز کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کیا ۔
کوئٹہ کے اوورسیز پلیئرز شین واٹسن اور کیون پیٹرسن نے اننگز میں زبردست پرفارمنس دی اور ٹیم کو مقررہ 20 اوورز میں ٹورنامنٹ کا سب سے زیادہ 180 رنز کا مجموعہ صرف 4وکٹ کے نقصان پر ترتیب دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
شین واٹسن نے ناقابل شکست 90رنز اسکور کیے جبکہ کیون پیٹرسن نے 52رنز اسکور کیے، واٹسن نے بڑی برق رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار بیٹنگ کی اور صرف 58گیندوں پر 7چھکوں اور 5چوکوں کی مدد سے 90رنز اسکور کیے۔
دوسری طرف کیون پیٹرسن نے بھی ان کا زبردست طریقے سے ساتھ دیا اور 52رنز صرف 34گیندوں پر ایک چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے اسکور کیےاور عثمان خان شنواری کا شکار بنے جبکہ ان کا کیچ روی بوپارا نے پکڑا۔
ٹیم کا اسکور اس وقت 146رنز تھا، پیٹرسن کے آئوٹ ہونے کے بعد رائلی روسووو میدان میں آئے،لیکن وہ بھی زیادہ دیر ٹک نہ سکے اور 7گیندوں پر ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 13رنز اسکور کرکے محمد عامر کو اپنی وکٹ دے بیٹھے اوران کا کیچ جو ڈینلی نے تھاما اور اس وقت ٹیم کا اسکور 161رنز تھا۔
گلیڈی ایٹرز نے پھر انور علی کو میدان میں بگ ہٹنگ کرنے بھیجا لیکن وہ تو صرف 4 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 6 رنز بنا کر چلتے بنے انہیں محمد عرفان نے آئوٹ کیا تاہم ان کا کیچ بابر اعظم کے حصے میں آیا۔
اس وقت تک ٹیم کا ایک اچھا اسکور بن کر178رنز تک پہنچ چکا تھا پھر آخر میں گلیڈیٹرز کی اننگز کا اختتام شین واٹسن اور رمیز راجا نے کیا اور 2رنز کے اضافے کے ساتھ اسکور کو 180رنز پر پہنچایا۔
میچ کی شروعات گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ سے ہوئی اور جب ٹیم کا اسکور 60رنز تھا، تو ان کی پہلی وکٹ اوپنر اسد شفیق کی صورت میں گری ،وہ 16گیندوں پر 2چوکوں کی مدد سے اتنے ہی رنز اسکور کرسکے اور شاہد آفریدی کے ہاتھوں ایل بھی ڈبلیو ہوگئے تھے
آج آفریدی کا ان فٹ ہونے کے بعد کم بیک میچ تھا اور انہوں نے آتے ہی اپنی فٹنس کا ثبوت بھی دے دیا اور کوئٹہ کی پہلی وکٹ بھی لے اْڑے۔
اس سے پہلے پی ایس ایل کے دوسرے میچ کا آغاز پاکستان وقت کے مطابق رات 9بجے ہوا، کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔
میچ میں آج کراچی کنگز اپنی ٹورنامنٹ میں جاری زبردست کارگردگی کو دہرانے کے لیے بے چین تھا لیکن بد قسمتی سے اسے آج بھی شکست سے ہاتھ دھونا پڑا۔
کنگز نے اپنی آج کے میچ کے لیے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، جہاں شاہد آفریدی کی ٹیم میں واپسی ہوئی جبکہ پروٹیز آل رائونڈر ڈیوڈ ویز آج کنگز کی جانب سے اپنا پہلا پی ایس ایل میچ کھیلے۔
ادھر کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی جانب سے آج کے میچ کے لیے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، انہوں نے اپنی گزشتہ میچ کے لیے میدان میں اتاری گئی ٹیم کو برقرار رکھا۔
واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں آج کے میچ میں جیت کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 8پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے 7میچوں میں 4 جیتے اور 2 ہارے۔
ادھر کراچی کنگز آج کی ہار کے بعد 6 میچوں میں 3 میچ جیت کر 7پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پہنچ گئی جبکہ 2 میچوں میں اسے شکست ہوئی۔