• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رضا ربانی اور فرحت اللہ بابر پیپلز پارٹی کا اثاثہ ہیں ، سعید غنی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر منصوبہ بندی و ترقیات سعید غنی نے کہا ہے کہ فرحت اللہ بابر کو سینیٹ کا ٹکٹ دینے کی پیپلز پارٹی کی قیادت نے پیشکش کی تھی لیکن فرحت اللہ بابر نے خود معذرت کر لی، میاں رضا ربانی اور فرحت اللہ بابر پیپلز پارٹی کا اثاثہ ہیں ۔ دونوں رہنماؤں کی جمہوریت کے لیے عظیم قربانیاں ہیں ۔ سینیٹ کے چیئرمین کے لیے پیپلز پارٹی کا امیدوار پیپلز پارٹی ہی نامزد کرے گی ۔ اس کا اختیار میاں نواز شریف کو نہیں ہے ۔ وہ جمعرات کو سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ میاں محمد نواز شریف کی شرائط کو آصف علی زرداری نے مسترد کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن لڑنا ہر ایک کا جمہوری حق ہے ۔ پیپلز پارٹی سینیٹ کے چیئرمین کے انتخابات میں اپنے امیدوار کو کامیاب کرانے کی کوشش کرے گی ۔ مسلم لیگ (ن) کے 33سینیٹرز ہیں ۔ سینیٹ میں کل 104ارکان ہیں ۔ 33نشستیں اکثریت نہیں بنتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے گھر کی لڑائی ہے ۔ ہمیں اس میں نہ گھسیٹا جائے ۔
تازہ ترین