کوہاٹ میں میڈیکل کی طالبہ عاصمہ رانی کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم مجاہد آفریدی کو کوہاٹ پولیس نے دبئی سے اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچتے ہی اپنی تحویل میں لے لیا۔
اس سے قبل عاصمہ رانی قتل کیس میں مطلوب ملزم مجاہد اللہ آفریدی کو دبئی سے گرفتاری کے بعد نجی فلائٹ کے دریعے اسلام آباد پہنچا یا گیا۔
مرکزی ملزم مقتولہ کو قتل کرنے کے بعد دبئی فرار ہوگیا تھا، مجاہد آفریدی کو ایف آئی اے، انٹرپول اور متحدہ عرب امارات کی انتظامیہ کے ذریعے شارجہ سے دو روز قبل گرفتار کیا گیا تھا۔
عرب امارات کی حکومت نے ملزم کو سیکیورٹی انتظامات کے تحت دبئی سے اسلام آباد بھیج دیا۔
ایوب میڈیکل کالج میں میڈیکل کی طالبہ عاصمہ رانی نے اپنے بیان نزع میں اپنے قاتل مجاہد آفریدی کی نشاندہی کی تھی۔
ملزم نے 26 جنوری کو رشتے کے تنازع پر عاصمہ رانی کو گولی مار دی تھی اور ملک سے فرار ہوگیا تھا۔
میڈیکل کی طالبہ عاصمہ رانی کو رشتہ سے انکار پر خیبر پختونخواہ کے ضلع کوہاٹ میں 27 جنوری کو قتل کیا گیا تھا اس کیس میں ایک ملزم پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے۔
مرکزی ملزم مجاہد اللہ آفریدی تحریک انصاف کے ضلعی صدر آفتاب عالم کا بھتیجا ہے۔