لاہور(آئی این پی، آن لائن) سپریم کورٹ نے خشک دودھ سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران نیڈو، نیسلے، میجی سمیت دیگر کمپنیوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی مصنوعات پر واضح طور پر لکھیں کہ یہ دودھ نہیں ہے بچوں کی غذا کا فارمولا ہے۔ آپ عبارت تحریر کریں باقی مائیں اور ڈاکڑز خود دیکھ لیں گے۔ ہفتہ کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں غیر معیاری خشک دودھ کے خلاف ازخود نوٹس کی سماعت کی جس میں وکیل اعتزاز احسن مقامی کمپنی کی جانب سے عدالت میں پیش ہوئے۔سپریم کورٹ نے نیڈو، نیسلے، میجی سمیت دیگر کمپنیوں کو اپنی مصنوعات پر جلی حروف میں عدالتی آرڈر لکھنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ عبارت تحریر کریں باقی مائیں اور ڈاکڑز خود دیکھ لیں گے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ فارمولہ ڈبے میں 80 فیصد دودھ ہوتا ہے۔ اس پر عدالت نے کہا کہ آپ 2 کالم تحریر کریں اور اس میں فارمولہ بھی تحریر کردیں۔