• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو مشکلات سے چوہدری شجاعت حسین نکال سکتے ہیں، شاہد اقبال

مانچسٹر (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ق) ہی حقیقی مسلم لیگ اور نمائندہ جماعت ہے اور بانی پاکستان قائداعظمؒ کے سوچ و فکر، قول و فعل اور ان کے بتائے ہوئے منشور کے مطابق مادر وطن کی تعمیر و ترقی کے لیے کوشاں ہے۔ ہمارے قائد سابق وزیراعظم پاکستان چوہدری شجاعت حسین کی سیاسی بصیرت، دور اندیشی اور رواداری قابل رشک ہے، جس کی سیاسی حریف بھی تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکتے، اس وقت پاکستان جن مشکلات سے گزر رہا ہے انہی کی شخصیت وطن عزیز کو گرداب سے نکال سکتی ہے۔ وہ رہنما جو سیاست کو کاروبار اور ذاتی مفادات، لوٹ مار جیسے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لیے استعمال کرتے ہیں وہ نہ محب الوطن ہوسکتے ہیں اور نہ ہی ملک کے استحکام، تعمیر و ترقی اور عوام کے مسائل حل کرانے سے انہیں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ق) برطانیہ کے رہنمائوں چوہدری شاہد اقبال، چوہدری محمد یاسین، چوہدری حق نواز، عثمان اکبر، استاد محمد صفدر، خالد پرویز چوہدری، امجد اقبال چوہدری، عابد گل، محمد ارشد چیمہ نے مشترکہ بیان میں کہا رہنمائوں نے کہا کہ جماعت کے سربراہ اور پاکستان کے سینئر سیاستدان چوہدری شجاعت حسین ملک و قوم کے حقیقی نمائندہ ہیں اور چوہدری پرویز الٰہی نے اپنے دور حکوت میں بطور وزیراعلیٰ پنجاب ایسے منصوبہ جات مکمل کیے جن کے ثمرات اب تک عوام کو مل رہے ہیں۔ انہوں نے لاہور میں زیر زمین ٹرین سروس شروع کرنے کے لیے ابتدائی رپورٹ مرتب کرلی تھی۔ اگر انہیں موقع ملتا تو یہ منصوبہ اورنج ٹرین اور لوٹ مار سے بھرپور جنگلہ بس سروس سے کہیں زیادہ بہتر کم لاگت اور دیرپا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) آئندہ عام انتخابات میں ایک طاقتور سیاسی قوت بن کر ابھرے گی، کیونکہ چوہدری برادران کا پاکستان بھر میں نمایاں مقام ہے۔
تازہ ترین