سیالکوٹ(اے این این ) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے ورکرز کنونشن کے دوران سیاہی پھینکنے والے چکوال کے نوجوان کو رہا ئی دلوا دی ۔رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن کے دوران ایک شخص نے وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف پر سیاہی پھینک دی تھی جسے پولیس نے حراست میں لے لیا تھا تاہم خواجہ محمد آصف نے اس نوجوان کو معاف کر دیا اور ان کی ہدایت پر نوجوان کو رہا کر دیا گیا ہے ۔اس نوجوان کا تعلق چکوال سے بتایا گیا ہے ۔خواجہ آصف نے اس موقع پر کہا کہ سیاہی پھینکنے والے شخص کو کسی نے بھیجا ہے اور چار پیسے دے کر مجھ پر سیاہی پھینکوائی گئی لیکن اسے چھوڑ دیں کیونکہ میری اس سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ سیاسی پھینکنے سے میری سیاست کو فرق نہیں پڑتا بلکہ اب بھی ہزاروں لوگ میرے لیے دعا گو ہیں۔خواجہ آصف کی جانب سے سیاہی پھینکنے والے شخص کو چھوڑنے کا کہنے پر کارکنوں کی جانب سے نامنظور نامنظور کے نعرے لگائے گئے۔