کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی کھیل ہاکی کے کھلاڑیوں کو اپنے ساتھی کھلاڑیوں کی برے حالات میں داد رسی کا خیال آ ہی گیا، جس کا بیڑا سابق ہاکی اولمپئن اور پی ایچ ایف کے ڈی جی ڈیولپمنٹ نوید عالم نے اٹھایا ہے۔ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق ہاکی کپتان منصور احمد جو ان دنوں شدید علیل ہیں ،ان کے علاوہ کئی اولمپئینز، انٹرنیشنل کھلاڑیوں، گرائونڈ مین اور آرگنائزرزمالی پوزیشن بہت زیادہ مستحکم نہیں ہے۔ حالات کو بہتر بنانے کے لئے ہاکی ویلفئیر فائونڈیشن بنانے کا فیصلہ کیا ۔ سابق اور موجودہ کھلاڑیوں کے ساتھی او اے کے سکریٹری خالد محمود، پاکستان اسپورٹس بورڈ کے حکام، پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن، بین الصوبائی رابطے کی وزارت کے اعلیٰ افسران نے بھی اس سلسلے میں تعاون کا یقین دلایا ہے۔ نوید عالم نے بتایا کہ فائونڈیشن کو رجسٹرڈ کرایا جائے گا، اس کے آئین کی تیاری کے سلسلے میں جو تجاویز سامنے آئی ہے وہ وکلاء کی ٹیم کو دے دی گئی ہے۔ فائونڈیشن کے تحت کھلاڑیوں ہیلتھ اسکیم کارڈ جاری کیا جائے گا، مالی طور پر مضبوط نہ ہونے والے کھلاڑیوں کے بچوں کی شادی کے سلسلے میں تعاون کیا جائے گا، پنجاب حکومت نے اس حوالے سے بھر پور مدد کا وعدہ کیا ہے۔