• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
اے وطن…!!

اے وطن، پیارے وطن، پیارے وطن، پیارے وطن

اے وطن ،پیارے وطن

میرا بچپن تِری آغوش میں پروان چڑھا

تیری گلیوں میں لڑکپن کا زمانہ گزرا

میری مونس تھی ،جوانی میں تِری پاک فضا

اور پیری میں بھی ہوں، مَیں تِری الفت میں مگن

اے وطن، پیارے وطن

میرے خوابوں کی زمیں ہے، مِرا ارمان ہے تُو

میری عزّت، مِری عظمت، مِری پہچان ہے تُو

میری ہستی کا ہے، میرے فخر کا سامان ہے تُو

حوصلوں کو مِرے رکھتی ہے، جواں تیری لگن

اے وطن ،پیارے وطن

لاکھ طوفان اُٹھیں، تجھ کو مٹانے کے لیے

مَیں ہوں موجود، تِری آن بچانے کے لیے

سرکٹانے کے لیے جان لڑانے کے لیے

تجھ پہ جو وار ہو، جھیلے مِرا فولاد بدن

اے وطن ،پیارے وطن

توکہ اِک ماہِ مقدّس میں ہوا تھا ضَوبار

اُمّتِ احمد مرسَل کے حصاروں کا حصار

اور اِس نام مبارک پہ ہوں، سو بار نثار

میرے ماں باپ، مِری جان، مِرا تن من دھن

اے وطن، پیارے وطن

تیرے باشندے ہر اِک خوف سے آزاد رہیں

کھیت سرسبز رہیں، بستیاں آباد رہیں

سایۂ رحمتِ باری میں سدا شاد رہیں

تیری الفت ہو، ہر اِک فرد کے دِل کی دھڑکن

اے وطن،پیارے وطن

(عنایت علی خاں)

تازہ ترین
تازہ ترین