چارسدہ( نمائندہ جنگ،نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ سیل)سکیورٹی فورسز نے غیر ملکی کی موجودگی کی اطلاع پر چارسدہ کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے بھارتی جاسوس کو تین بیٹوں سمیت گرفتار کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق ان کے قبضے سے افغان سمز،اسلحہ اورجہادی لٹریچر برآمد ہوا ہے۔ سرچ آپریشن کے دوران دیگر21 افراد کو بھی پکڑا گیا۔ گرفتار پانچ غیر ملکیوں کو تفتیش کیلئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ باقی 20افراد کے خلاف ناجائز اسؒلحہ رکھنے کے الزام میں مقدمات درج کر لئے گئے۔ سیکورٹی فورسز ذرائع کے مطابق تھانہ عمرزئی کے علاقہ محمود آباد اور تھانہ مندنی کے علاقہ ڈھکی میں غیر ملکیوں کی موجودگی کے اطلاع پر سرچ آپریشن رات کی آخری پہر 4بجے شروع کیا گیا جو صبح 9بجے تک جاری رہی ۔ آپریشن کے دوران پورے علاقے کو سیل کر دیا گیا تھا ، گھر گھر تلاشی کے دوران علاقہ محمود آباد سے افغان باشندہ خان آغاجسکا نام پاکستانی شناختی کارڈ کے مطابق نوید خان ہے کو تین بیٹوں نور آغا، رحیم اللہ اورخانم اللہ سمیت گرفتار کیا۔ آپریشن کے دوران دیگر21 افراد بھی حراست میں لئے گئے ۔ذرائع کے مطابق خان آغا انکے تین بیٹوں اور ایک غیر مقامی شخص کو سیکورٹی فورسز نے پوچھ گچھ کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کیا ٗ خان آغا کے بارے میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں ، ذرائع نے بتایا کہ پاکستان منتقل ہونے سے قبل خان آغا افغانستان میں بھارتی سفارت خانے میں ملازم تھا، اسکا ایک بھائی بھی افغان فوج اور بھارتی سفارت خانے میں کام ملازم رہ چکا ہے جو پہلے ہی پاکستان میں گرفتار ہے ۔ خان آغا پاکستان منتقل ہوا تو عمرزئی کے علاقہ میں رہائش پذیر ہوا اور اپنا نام تبدیل کر کے نوید خان کے نام سے اپنا پاکستانی شناختی کارڈ بنوایا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق آغا خان نامی بھارتی جاسوس کافی عرصے سے افغان مہاجرین کے روپ میں بچوں سمیت چارسدہ میں مقیم تھا اورجاسوسی کرکے خفیہ معلومات بھارت کو بھیجتا تھا،اسکے تین بیٹے بھارتی خفیہ ایجنسی را کےلئے کام کرتے ہیں اور اس کے پے رول پر ہیں۔ذرائع کے مطابق تھانہ عمرزئی اور تھانہ مندنی کے حدود میں سیکورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران حراست میں لئے گئے 25افراد کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا جس میں تین کلاشنکوف، دو کلا کوف، دو ایس ایم جی، 6پستول ، ایک رائفل اور550مختلف بور کے کارتوس شامل ہیں ۔