• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ن لیگ پنجاب کی صدارت کیلئے رانا ثناء اللہ بہترین آپشن ہیں،تجزیہ کار

کراچی(ٹی وی رپورٹ)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ ن لیگ پنجاب کی صدارت کیلئے رانا ثناء اللہ بہترین آپشن ہیں،ن لیگ پنجاب کا آئندہ صدر حمزہ شہباز،مریم نواز ،شریف خاندان کا کوئی شخص یا پنجاب سے ممنون حسین ٹائپ شخص ہوگا، 2018ء کے انتخابات کے بعد شہباز شریف ہی وزیراعلیٰ پنجاب ہوں گے،توہین عدالت کی درخواستیں مسترد کرنے سے عدلیہ کو فائدہ ہوگا،نواز شریف کو اب تنقید روک کر اپنے سیاسی پروگرام پر توجہ دینی چاہئے، نواز شریف نے عدلیہ سے متعلق جتنا کچھ کہہ دیا اسے کافی سمجھیں،عدالت نے جس طرح تحمل کا مظاہرہ کیا انہیں اس پر عدالت کا شکریہ ادا کرنا چاہئے،قانون کے ذریعہ چترال میں خواتین کی غیرمقامی مردوں سے شادی پولیس کلیئرنس سے مشروط قرار دینا غلط نہیں ہے، اگر اس شرط کی وجہ کسی خاص گروہ کو نسل کشی سے بچانا ہو تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار مظہر عباس، بابر ستار، افتخار احمد، حسن نثار، امتیاز عالم اور ارشاد بھٹی نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان وجیہہ ثانی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میزبان کے پہلے سوال شہباز شریف ن لیگ کے صدر منتخب، پنجاب کی صدارت کس کے حصے میں آئے گی؟ کا جواب دیتے ہوئے افتخار احمد نے کہا کہ ن لیگ شہباز شریف کے بعد پنجاب کا صدر جنوبی پنجاب سے بنانے کا سوچ رہی ہے، نواز شریف برطانیہ اور امریکا سے لوگوں کو پاکستان لاکر سینیٹر بنانے کی خواہش کرسکتے ہیں تو اس صورتحال میں کوئی حتمی بات کہنا بہت مشکل ہے۔حسن نثار کا کہنا تھا کہ مریم نواز جیسی خاتون ن لیگ پنجاب کا صدر بننے پر اکتفا نہیں کرے گی، ویسے بھی پنجاب کی صدارت سے زیادہ اہم ن لیگ کا بطور پارٹی مستقبل ہے جو مخدوش دکھائی دیتا ہے، میرٹ پر دیکھیں تو رانا ثناء اللہ کو ن لیگ پنجاب کا صدر بننا چاہئے، ن لیگ کو آئندہ مضبوط اعصاب کا بندہ چاہئے جس کیلئے رانا ثناء اللہ سے بہتر کوئی نہیں ہے۔مظہر عباس نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات کے بعد شہباز شریف ہی وزیراعلیٰ پنجاب ہوں گے، 2018ء میں بہت زیادہ کنٹرولڈ الیکشن ہوتے نظر آرہے ہیں جس میں ن لیگ کو خاصی دشواری کا سامنا کرنا پڑے گا، ن لیگ مرکز میں کمزور ہوئی تو پنجاب میں اپنی پوزیشن بچانے کی پوری کوشش کرے گی۔ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ ن لیگ پنجاب کی صدارت زعیم قادری یا رانا ثناء اللہ جیسے کارکنوں کے حصے میں آنی چاہئے جنہوں نے بہت ماریں کھائی ہیں، اس وقت حمزہ شہباز فزیکلی پنجاب کے ڈپٹی پرائم منسٹر ہیں، ن لیگ پنجاب کا آئندہ صدر حمزہ شہباز،مریم نواز ،شریف خاندان کا کوئی شخص یا پنجاب سے ممنون حسین ٹائپ شخص ہوگا، یہ نہیں ہوسکتا کہ چوہدری نثار کو ن لیگ پنجاب کا صدر بنادیا جائے۔

تازہ ترین
تازہ ترین