قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ سیاست میں کوئی بات حرف آخر نہیں ہوتی، عمران خان کے ساتھ ملکر الیکشن لڑ نا یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ خارج از امکان نہیں، کچھ بھی ہوسکتا ہے، مل کر الیکشن لڑنے یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ بعدمیں کیا جائے گا۔زرداری اور عمران خان گلے ملیں تو اچھی بات ہے، شیری رحمان سینیٹ میں قائد حزب اختلاف بن جائیں گی ۔
سکھر میں قومی ادارہ برائے امراض قلب کے اسپتال این آئی سی وی ڈی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ کل ہم نواز شریف سے لڑے ہوئے تھے، پھر بن گئے، پھر لڑگئے، سیاست بہت اچھا کام ہے، دعا ہے کہ سیاست کرنے والے سیاستدان بن جائیں اور سیاست کو سمجھیں، سیاست انسایت کی خدمت کا نام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں ڈیوٹیاں نہ دینے والوں کو اللہ کیسے بخشے گا؟ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کے لئے کام کیا، 80 لاکھ فیمیلز کی تنخواہوں میں اضافہ کیا، 13 لاکھ پنشنرز کی پنشن میں اضافہ کیا، عوام میں جانے کے لیے پی پی کے پاس بہت سارے سلوگن ہیں ۔
خورشید شاہ نے کہا کہ سیاست میں دروازے کھلے رہتے ہیں، پیپلز پارٹی عوام کی خدمت کی سیاست کر رہی ہے، سندھ میں صحت تعلیم اسپورٹس کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔