• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الطاف حسین کی پولیس حاضری سے آزادی کی خوشی میں ایم کیو ایم کا جشن

کراچی، لندن (اسٹاف رپورٹر، پ ر) متحد ہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین پر سے لندن میں جاری منی لاڈرنگ کیس میں الطاف حسین اور ایم کیو ایم کے سینئر ارکان کی پولیس حاضری سے آزادی کی خوشی میں ایم کیو ایم انٹرنیشنل سیکرٹریٹ، کراچی، حیدرآباد ، میر پورخاص، سکھر ، خیر پور، لاہور، اسلام آباد ، فیصل آبادسمیت ملک بھر میں ایم کیوا یم کے تنظیمی دفاترمیں کارکنان کی جانب سے خوشیاں منائی گئیں اور جشن کا اہتمام کیا گیا جبکہ کارکنوں کی جانب سے جشن کا مرکزی اجتماع ’’نائن زیرو‘‘ پر منعقد کیا گیا۔میڈیا پر خبر آتے ہی بڑی تعداد میں کارکن سڑکوں پر نکل آئے، بھنگڑے ڈالے اور رقص کیا۔ جبکہ کراچی کے کئی علاقوں میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور ریلیاں نکالیں گئیں۔ جو مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی نائن زیرو پہنچیں۔ جشن میں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ندیم نصرت ،اراکین لندن رابطہ کمیٹی، جبکہ کراچی میں رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنونیر عامر خان ،ڈپٹی کنوینر کہف الوریٰ، سید شاہد پاشا، اراکین رابطہ کمیٹی ، سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے انچار ج و اراکین،تنظیمی شعبہ جات کے ذمہ داران،حق پرست ارکان پارلیمنٹ، نومنتخب بلدیاتی چیئرمین، وائس چیئر مین،بلدیاتی پینل کے اراکین اورنوجوانوں، بچوں، خواتین سمیت ہزاروں افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے خوشی کا اظہار کیا۔اس سلسلے میں نائن زیرو کے سامنے اسٹیج تیار کیا گیاتھاجبکہ جناح گراؤنڈ ، مکا چوک اور اطرا ف کی گلیوں میں نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی جو ڈھول کی تھاپ اور ایم کیوایم کے مختلف ترانوں پربھنگڑے ڈالتے رہے اور والہانہ رقص کرتے رہے،۔ اس موقع پر کارکن نے ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلاتے رہے اور مبارک دیتے رہے۔بعدازاں میوزیکل نائٹ کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ملک کے معروف گلوکاروں اور فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔ادھر ایم کیوایم کے انٹرنیشنل سیکریٹریٹ میں بھی الطاف حسین کی پولیس حاضری سے آزادی کی خبر پر ملتے ہی سیکریٹریٹ میں موجودتمام اراکین رابطہ کمیٹی اورکارکنوں میں خوشی کی لہردوڑگئی اوروہاں موجود تمام لوگوں نے گلے مل کرایک دوسرے کومبارکباددی۔
تازہ ترین