سکھر (بیورو رپورٹ) جب دل کا معاملہ ہو تو پھر احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے سکھر میں قائم دل کے اسپتال میں نہ صرف پریس کانفرنس کی بلکہ اپنا چیک اپ بھی کرایا اور دوسروں کو بھی چیک اپ کرانے کا مشورہ دیا کہ یہ دل کا معاملہ ہے، سب کو اپنا چیک اپ کرانا چاہیے۔ قومی ادارہ برائے امراض قلب کے زیر اہتمام سکھر میں قائم این آئی سی وی ڈی اسپتال میں پریس کانفرنس کے بعد سید خورشید احمد شاہ نے اسپتال کا دورہ کیا۔ مریضوں کی عیادت کرکے ان سے معلومات بھی لی۔ اس دوران انہوں نے ڈاکٹرز سے اپنا چیک اپ کراکر واضح کیا کہ یہ دل کا معاملہ ہے۔ طبی معائنہ کرانے کے بعد ایک صحافی کی جانب سے ان سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ نے بھی اپنا چیک اپ کرایا ہے؟ جس پر خورشید احمد شاہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ہاں میں نے بھی طبی معائنہ کرایا ہے، طبی معائنہ کرانا اچھی بات ہے، آپ بھی کرائیں، چیک اپ کرانے میں کوئی حرج نہیں۔