پشاور(نیوزرپورٹر)خیبرپختونخواحکومت نے مشال قتل کیس میں ملزموں اورحکومتی اپیلوں کو یکجا کرکے انہیں عدالت عالیہ پشاورکی پرنسپل سیٹ منتقل کر نے کے لئے پشاورہائی کورٹ میں درخواست دائرکردی ہے اور عدالت عالیہ کے چیف جسٹس یحیی آفریدی نے درخواست پرفریقین سے26مارچ کو جواب مانگ لیا ہے عدالت عالیہ کے فاضل چیف جسٹس نے خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے دائردرخواست کی سماعت کی اس موقع پر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل قیصرعلی شاہ نے عدالت کو بتایا کہ مختلف بنچر میں اپیلیں دائرہوئی ہیں جن پر مختلف فیصلے آسکتے ہیں لہذاتمام اپیلوں کویکجا کرکے پشاورہائی کورٹ پرنسپل سیٹ منتقل کیاجائے اوران اپیلوں کی سماعت یکجا کی جائے اس موقع پرایازخان اوردیگروکلاء مشال خان کے والد اقبال خان کی جانب سے پیش ہوئے جبکہ افتخارمایار نے ملزموں کی جانب سے وکالت نامہ پیش کیا بعدازاں فاضل چیف جسٹس نے 26مارچ کو فریقین سے جواب مانگ لیا۔