• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معذور افراد کو ہر شعبے میں مواقع فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (وقت نیوز) وزیر مملکت اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وفاق اور صوبائی حکومتیں معذور بچوں اور بچیوں کو مفید شہری بنانے کیلئے ہرممکن سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیاں معذوروں کیلئے تیزی سے قانون سازی کر رہی ہیں۔ معذوروں کیلئے صرف خصوصی تعلیمی ادارے بنانا کافی نہیں ہیں بلکہ ان کیلئے ہر شعبے میں مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وہ منگل کو مقامی ہوٹل میں حضرت خدیجتہ الکبریٰ ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر اُنہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) سیکرٹریٹ اور صوبائی ٹاسک فورس فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کا فوکس ہے کہ معذور بچوں اور بچیوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ ایم این ایز طاہرہ اورنگزیب، شائستہ پرویز ملک، کشور زہرہ نے کہا کہ معذوروں کے حوالے سے قانون سازی کا عمل جاری ہے جس کا مقصد پالیسیوں پر عمل درآمد کو مزید موثر بنانا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس کی پارلیمنٹ میں پائیدار ترقی کے اہداف کا سیکرٹریٹ قائم ہے۔ مریم اورنگزیب نے بتایا کہ تین سے 14سال تک کی عمر کے دوران میں خود ویل چیئر پر رہی، تاہم میرے والدین کے حوصلے بلند تھے جنہوں نے مجھے بھی آگے بڑھنے کیلئے ہمت اور جرات دی۔ اُنہوں نے کہا کہ میری والدہ جب پارلیمنٹ میں آئیں تو انہیں محسوس ہوا کہ معذوروں کیلئے قانون سازی ہونی چاہئے۔ شائستہ پرویز‘ جمشید قاضی اور دیگر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔
تازہ ترین