سکھر(ایجنسیاں) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نےچوہدری نثار کو چھوٹا فرعون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف فرعون ہے تو سب سے بد دیانت آدمی وہ ہے جس نے خود فرعون کے ساتھ وقت گزارا‘شہبازشریف کا تینوں بڑوں کے مل بیٹھنے کا بیان آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے جبکہ پی ٹی آئی اور (ن) لیگ دونوں کا منشورسیاست کو بدنام کرنا ہے۔منگل کو سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ شہبازشریف پہلے اپنی پارٹی میں تو اداروں سے ٹکراؤ ختم کرائیں‘ (ن) لیگ گالی گلوچ اور بد زبانی پر اتر آئی ہے‘عمران خان کا منشور ہے کہ صرف عزت اچھالو اور بے عزت کرو۔خورشید شاہ نے بلین ٹری دعووں کو جعل سازی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے سندھ میں ایک دن کی شجرکاری کا ورلڈ ریکارڈ بنایا، گینز بک کی ٹیم آئی اور اس نے ورلڈ ریکارڈ مانا، لگتا ہے عمران نے ایک ارب درخت زمین پر نہیں ہوا میں لگائے، ایک ارب درخت گینز بک والوں کو کیوں نظر نہیں آئے۔چوہدری نثار کی جانب سے نواز شریف پر تنقید سے متعلق سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ کسی لیڈر کے ساتھ ایک دن بھی گزار لیا جائے تو اسے ایسے نہیں کہنا چاہیے، سب سے بددیانت آدمی تو وہ ہے جس نے خود فرعون کے ساتھ وقت گزارا، چوہدری نثار تو نواز شریف کی وزارت کا حصہ بھی رہے، 2014 میں میرا جمہوریت بچانے میں کردار بھی چوہدری نثارکو برا لگا، کچھ لفظوں کی تمیز ہوتی ہے، دیکھنا ہے (ن) لیگ کیا ایکشن لیتی ہے جبکہ چوہدری نثار چاہتے ہیں کہ نوازشریف اسے خود نکال دیں ۔ میں ہمیشہ کہتا تھا میاں صاحب سنبھل جاؤ آپ کی آستین میں بیٹھا ہے، اب نواز شریف کو سمجھ آ گئی ہو گی کہ اپوزیشن لیڈرکیوں یہ کہتا تھا۔خورشید شاہ نے کہا کہ سینیٹ میں پی ٹی آئی کا اپوزیشن لیڈر کا دعوی کرنا ہی غیر جمہوری ہے، پوری کوشش ہے نگراں وزیراعظم کا مسئلہ پارلیمنٹ میں طے ہو جائے ‘ نگراں وزیراعظم کیلئے وزیراعظم نے نام دیئے نہ میں نے دیئے، اپوزیشن کے سیاستدان جلسوں کی بجائے براہ راست مجھے نام دیں‘ جلسوں میں نام دینے سے شخصیت متنازع ہو کرپیچھے ہٹ جاتی ہے اور30 مئی سے پہلے نگران وزیراعظم کا نام فائنل کرنا ہے۔