• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین کا بے قابو سیٹلائٹ آئندہ ہفتے نیویارک پر گر سکتا ہے؟

چین کا بے قابو سیٹلائٹ آئندہ ہفتے نیویارک یا یورپ پر گر سکتا ہے؟

کراچی (نیوز ڈیسک) ایک تحقیق کے بعد خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ چین کا بے قابو سیٹلائٹ، جس میں انتہائی زہریلا مواد بھرا ہوا ہے، آئندہ ہفتے امریکا کے مصروف ترین شہر نیویارک سمیت یورپ کے مختلف شہروں پر گر سکتا ہے۔ چین کا پہلا پروٹوٹائپ اسٹیشن، تیان گونگ ون 30؍ مارچ سے 6؍ اپریل کے درمیان زمین پر کسی بھی وقت کریش ہو سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ تمام شہر جو عرضِ بلد (لیٹی ٹیوڈ) میں 43؍ ڈگری شمال یا جنوب میں آتے ہیں وہ اس سیٹلائٹ کے ملبے سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق جن شہروں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے ان میں کینیڈا کا شہر ٹورنٹو، امریکی شہر پورٹ لینڈ، سو فالز، بوا، روچیسٹر، نیو یارک، ملواکی، یورپ کے شہر بارسلونا، میڈرڈ، روم، ترکی کا شہر استنبول، جارجیا کا تبلیسی، کرغزستان کا بشکک، روس کا شہر ولاڈی وولسٹوک اور سوچی، چین کا شہر بیجنگ، جاپان کا شہر ساپورو، آسٹریلیا کا شہر ہوبارٹ، نیوزی لینڈ کا شہر کرائسٹ چرچ اور ارجنٹائن کا شہر ٹریلو شامل ہیں۔ غالب امکان ہے کہ سیٹلائٹ انہی علاقوں میں گرے گا کیونکہ یہ خط استوا کے شمالی اور جنوبی حصوں میں چکر لگا رہا تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگرچہ سیٹلائٹ کی زمین پر گرنے کی رفتار سست ہے لیکن یہ مسلسل ایک ہی رفتار سے زمین کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ساڑھے 8؍ ٹن کا یہ سیٹلائٹ 2016ء میں کنٹرول سے نکل کر بے قابو ہو گیا تھا اور خیال کیا جاتا ہے کہ اس میں زہریلا کیمیائی عنصر ہائیڈرا زین موجود ہے۔ ماہرین کو کسی بھی شہر کے متاثر ہونے کی حتمی تاریخ کا اندازہ صرف اسی وقت ہوگا جب اس کا ملبہ زمین پر گرنا شروع ہوگا۔

تازہ ترین