• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت ادارے نہیں چلاسکتی تو ملازمین کو دیدے، رضا ربانی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر میاں رضاربانی نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے پی آئی اے، اسٹیل ملز یا کسی بھی ادارے کی نجکاری کی تو پیپلز پارٹی پارلیمنٹ ، عدالتوں اور عوامی احتجاج کا راستہ اختیار کر سکتی ہے، حکومت ان اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں کر سکتی تو انہیں ملازمین کے حوالے کر دیا جائے، اسٹیل مل کی نجکاری کا اصل مقصد اس کی قیمتی زمین کو ہتھیا نا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کون ہوتے ہیں جو پاکستان کو ڈکٹیشن دیں ۔گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میاں رضا ربانی نے کہا کہ میں چند روز بعد ایک اور پریس کانفرنس کروں گا جس میں گزشتہ دنوں سینیٹ میں پیدا ہونے والی صورتحال پر بات کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے پبلک سیکٹر کے اداروں کا خسارہ بڑھ چکا ہے ۔ ان کا اشارہ پی آئی اے اور اسٹیل ملز کی طرف تھا اور حکومت کو اشارہ دیا گیا کہ ان اداروں کی نجکاری کی جائے، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کون ہوتے ہیں جو پاکستان کو ڈکٹیشن دیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی مد ت پوری ہونے میں تین ماہ رہ گئے ہیں اور وہ قومی اداروں کو اونے پونے داموں فروخت کرنا چاہتی ہے ۔ وفاقی وزراء کی جانب سے جو زبان استعمال کی جارہی ہے وہ افسوس ناک ہے ۔ وزیر نجکاری دانیال عزیز نے کہاکہ اگر کوئی بھی آج پیسے لے کر آجائے ہم پی آئی اے اس کے حوالے کر دیں گے ۔ اس حوالے سے سول ایوی ایشن کے ایڈوائزر سینیٹ میں آئے اور انہوں نے بیان دیا کہ ہم پی آئی اے کی نجکاری نہیں کرنے جارہے ہیں ۔
تازہ ترین