لاہور ( پ ر ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز سے پاکستا ن میں برطانوی ترقیاتی ادارے ’’ڈیفڈ‘‘ کی پاکستا ن کیلئے سربراہ جوانا رییڈ نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے دوطرفہ امور اور بالخصوص صوبہ پنجاب میں برطانیہ کے تعاون سے تعلیم اور دیگر شعبوں میں جاری منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ ماڈل ٹائون میں ہونے والی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ دیرپا ترقی کیلئے یوتھ ڈویلپمنٹ اور ہیومن ریسورس کے شعبے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور پنجاب میں سکلز ڈویلپمنٹ اور فنی تربیت کے شعبوں میں برطانوی ادارے ’’ڈیفڈ‘‘ کے تعاون سے شروع ہونے والے منصوبوں سے خاطر خواہ فائدہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبے بھر میں یکساں ترقی کیلئے کئی ایک اقدامات اٹھائے ہیں اور حکومت کی درست ترجیحات کے باعث انفراسٹکچر کی بہتری اور مضبوطی سامنے آئی ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ایجوکیشن سیکٹر میں بھی انقلابی تبدیلیاں لائی گئی ہیں ا ور سب کو یکساں تعلیم کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ ملاقات میں ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں میونسپل سروسز اور دیگر شعبوں پر بھی گفتگو ہوئی جن کے لئے برطانوی ادارہ ’’ڈیفڈ‘‘ خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ اپنی گفتگو میں ’’ڈیفڈ‘‘ کی سربراہ جوانا رییڈ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مثبت ا ثرات سامنے آ رہے ہیں اور ان کا ادارہ بھی ان کی متحرک اور فعال شخصیت کا معترف ہے۔