• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، پولیس کا معاشرتی برائیوںبالخصوص منشیات فروشی کے خاتمے کیلئے کریک ڈائون

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر پولیس کا معاشرتی برائیوں بالخصوص منشیات فروشی کے خاتمے کے لئے کریک ڈاؤن، مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے 3منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 200لیٹر کچی شراب، 1800گرام چرس اور 4000 گرام بھنگ برآمد کرلی۔ ملزمان کیخلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔ ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کے مطابق ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال بحال رکھنے کے ساتھ ساتھ معاشرتی برائیوں کے خاتمے بالخصوص منشیات فروشوں کی گرفتاری کے لئے بھرپور کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے، اس حوالے سے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ ضلع بھر سے منشیات فروشی کا خاتمہ کرکے نوجوان نسل کے مستقبل کو تباہ ہونے سے بچایا جاسکے، منشیات فروشوں بالخصوص کچی شراب بنانے اور فروخت کرنیوالوں کیخلاف پولیس بھرپور کارروائیاں کررہی ہیں تاکہ اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے کچی شراب کی بھٹیاں بند کرکے قیمتی انسانی جانوں کا بچایا جاسکے۔ تھانہ سائیٹ کی حدود گاؤں بلال کھوسو کے نزدیک پولیس نے کارروائی کرکے شراب فروخت کرنیوالے ایک ملزم مختیار کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 200لیٹر کچی شراب برآمد کرلی ہے جبکہ ملزم کے قبضے سے شراب بنانے والی مختلف اشیاء بھی برآمد ہوئی ہے۔ ملزم کیخلاف متعلقہ تھانہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ کندھرا تھانہ کی حدود میں پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 2منشیات فروشوں ممتاز اور سیف اللہ کو گرفتار کیا ہے، جن کے قبضے سے 1800گرام چرس اور 4000گرام بھنگ برآمد ہوئی ہے، ملزمان کیخلاف متعلقہ تھانہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے لنک روڈ کندھرا کے قریب کارروائی کرتے ہوئے تھانہ صالح پٹ کی حدود سے چوری کیا گیا مسروقہ رکشہ برآمد کرکے ایک ملزم کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ سماجی برائیوں کا قلع قمع کرنے کے لئے بھی کوشاں ہے، ضلع بھر میں جوا، منشیات، فحاشی کے اڈے چلانے والوں کیخلاف منظم حکمت عملی کے تحت کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے، امن و امان کی مثالی فضاء کو برقرار رکھنے کے لئے پولیس اپنے پیشہ ورانہ فرائض احسن انداز سے انجام دے رہی ہے، ڈاکوؤں ، جرائم پیشہ عناصر اور سماجی برائیاں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائیوں کے لئے متعدد ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر اپنے علاقوں میں گشت کرتی ہیں تاکہ کسی بھی جگہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر، منشیات اور جوا کے اڈوں چلانے والوں کو گرفتار کیا جاسکے۔ تمام تھانوں کے انچارجز کو سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں جرائم پیشہ اور منشیات فروشوں پر کڑی نظر رکھے ، کسی کو بھی کچی شراب بنانے یا فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی اور کچی شراب بنانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی، اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ جن تھانوں کی حدود میں جرائم کے واقعات رونما ہوئے یا منشیات فروشی کی اطلاعات موصول ہوئیں تو متعلقہ تھانہ انچارجز کے خلاف بھی محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تازہ ترین