تحریک پاکستان کے دوران شاعروں نے بھی قومی ترانے اور ملی نغمے تخلیق کرکے پاکستان کی جدوجہد کو ایک ممیزعطا کی ایسی نظمیں درجنوں میں ہیں ذیل میں چند مشہور نظمیں قارئین کی نذر ہیں ان نظموں کا مجموعہ 14اگست 1986کو آزادی کی 39ویں سالگرہ کے موقعہ پر قومی ادارہ برائے تحفظ دستاویزات نے شائع کیا تھا۔
محمد علی جناح ؒ
ملت کا پاسباں ہے محمد علی جناحؒ
ملت ہے جسم، جاں ہے محمد علی جناحؒ
صدشکر پھر ہے گرم سفر اپنا کارواں
اور میرکارواں ہے محمد علی جناحؒ
بیدار مغز ناظم اسلامیان ہند
ہے کون؟بے گماں ہے محمد علی جناحؒ
تصویر عزم، جان وفا، روح حریت
ہے کون ؟بے گماں ہے محمد علی جناحؒ
رکھنا ہے دل میں تاب وتواں نو کروڑ کی
کہنے کو ناتواں ہے محمد علی جناحؒ
رگ رگ میں اس کی ولولہ ہے حب قوم کا
پیری میں بھی جواں ہے محمد علی جناحؒ
لگتا ہے ٹھیک جاکے نشانے پہ جس کا تیر
ایسی کڑی کماں ہے محمد علی جناحؒ
ملت ہوئی ہے زندہ پھر اس کی پکار سے
تقدیر کی اذاں ہے محمد علی جناحؒ
غیروں کے دل بھی سینے کے اندر دہل گئے
مظلوم کی فغاں ہے محمد علی جناحؒ
اے قوم! اپنے قائد اعظم کی قدر کر
اسلام کا نشاں ہے محمد علی جناحؒ
عمر دراز پائے ، مسلماں کی ہے دعا
ملت کا ترجماں ہے محمد علی جناحؒ
(بشیر احمد)
آل انڈیا مسلم لیگ کے 27ویں اجلاس منعقد لاہور 22مارچ 1940کو پڑھی گئی