مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید کا کہنا ہےکہ میں پارٹی کا منتخب عہدیدار رہا ہوں، پارٹیوں میں جگہ انتشار پھیلانے سے نہیں بنتی جبکہ چوہدری نثار کے مستقبل کا فیصلہ تو شہباز شریف کو کرنا ہے۔
پرویز رشید نے یہ بات ایک انٹرویو کے دوران کہی اور کہا کہ چودھری نثار کبھی بھی پارٹی کے تنظیمی عہدیدار نہیں رہےجبکہ نگران حکومتوں کا کام انتخاب کروانا ہے بڑے فیصلے کرنا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کو بند گلی میں لے جانے کے لیے کون کوشاں ہے، سب کو پتا ہے، مریم نواز پارٹی کو بند گلی سے باہر لے کر آئی ہیں جبکہ عوامی سطح پر مریم نواز کی پذیرائی کس کو ہضم نہیں ہورہی اور یہ بات سب جانتے ہیں۔
پرویز رشید کا کہنا تھا گالم گلوچ اور انتشار انتخابات سے راہ فرار حاصل کرنے کی کوشش ہے، انتشار کون پھیلا رہا ہے، کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔
انہوں نے کہاکہ جوڈیشل مارشل لاء کی بات کرنے والوں کو مارشل لاء کیوں یاد آتا ہےاور اب تو چور دروازوں سے اقتدار میں آنے کے دن گئے۔
پرویز رشید نے کہا کہ احتسابی عمل کس حد تک غیر جانبدار ہے قوم جانتی ہے، ہم میدان سے بھاگنے والے نہیں بلکہ سازشی عناصر کا مقابلہ کریں گے۔