اسلام آباد(نمائندہ جنگ)اسپیکر قومی سر دار ایاز صادق نے کہا ہے کہ دنیا کواس وقت شدید موسمی تبدیلیوں کا سامنا ہے اور یہ بات انتہائی اہمیت کی حامل ہے کہ لوگوں کوموسمیاتی تبدیلیوں کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات میں شامل کیا جائے،موسمیاتی تبدیلیوں اور ان کے ماحول پر اثرات سے نمٹنے کیلئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اَرتھ آور کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو پوری دنیا میں 24 مارچ کو منایا جار ہا ہے ۔اسپیکر نے کہا کہ کثافتوں اور زہریلی گیسوں کے اخراج کو کم کرنے کے لیے پاکستان کی پارلیمنٹ کو مکمل طور شمسی توانائی پر منتقل کیا گیا ہے اور پارلیمنٹ کے استعمال سے زائد بجلی کو نیٹ میٹرنگ لا ئسنس کے ذریعے نیشنل گرڈ میں منتقل کیا جا رہاہے ۔ علاوہ ازیں پارلیمنٹ کو ماحول دوست بنانے کے لیے دیگر اقدامات بھی اٹھائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو پاکستان کی پارلیمنٹ کو ماحول دوست بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی تقلیدکرتے ہوئے اپنے ملکوں میں بھی ایسے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ دنیاکو اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے شدید خطرات کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اَرتھ آور ہمیں یاد دلاتا ہے کہ موسمیاتی تبد یلیوں میں انفرادی اوراجتماعی سطح پر اٹھائے گئے اقدامات ہماری آنے والی نسلوں کے لیے کرہ ارض کو ماحول دوست بنانے کے لیے سنگ میل ثابت ہوںگے ۔سپیکر نے کہا کہ ویژن 2025کے مطابق پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں اور ان کے ماحول پر اثرات کو اولین تر جیحات میں شامل کیا گیا ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے ٹھوس بنیادوں پر منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔سپیکر سر دار ایاز صادق نے کہا ہے کہ عالمی برادری کے ساتھ یکجہتی کے لیے توانائی کے تحفظ ،موسمیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ کے اثرات سے نمٹنے کے لیے 24مارچ کو پارلیمنٹ ہائوس کی تمام روشنیاںرات ساڑھے آٹھ سے ساڑھے نو تک گل کی جائیں گی ۔اس موقع پر قائم مقا م سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے پارلیمان اور عوام سے کہا کہ 24 مارچ رات کو 8:30 سے 9:30تک رضا کارانہ طورپر رو شنیوں کو گل کر کے بین الاقوامی برادری کے ساتھ ارتھ آور منائیں ۔