پشاور (نیوز ڈیسک ) سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسدقیصر نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں نئے پاکستان ،نئے خیبرپختونخوا اور نئے صوابی کیلئے مشترکہ جدوجہد کرینگے ،صوابی قومی محاذ کا پی ٹی آئی میں انضمام سے صوابی میں تحریک انصاف مزید مضبوط ہوگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوابی قومی محاذ کی پی ٹی آئی میں انضمام کے حوالے سے ہونیوالی پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ حکومت نے روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئےمیگا پراجیکٹس پر توجہ دی ،اس منصوبے میں سب سے بڑا صنعتی زون کرنل شیر انٹرچینج کے قریب بن رہا ہے جس سے 20 لاکھ سے زائد افراد کو روزگار کے مواقع میسر ہونگے ، انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے میں خیبرپختونخوا کو حق دلوانے کیلئے حکومت نے عدالتی جنگ لڑی اسی طرح صوابی سے پشاور تک سرکلر ریلوے ٹریک ،چترال کو موٹروے سے منسلک کرنے ،پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان تک ایکسپریس وے ،کوہاٹ سے جنڈ تک لنک روڈ تعمیر کرنے ،پشاور سے کراچی تک ریلوے ٹریک کو عالمی معیار کے مطابق بنوانے اور 1700 میگا واٹ بجلی کے منصوبے بھی سی پیک میں شامل ہیں ، انہوں نے کہا کہ اورسیز پاکستانیوں اور تمباکو کی کاشتکاروں کے مسائل کیلئے عملی اقدامات اُٹھائے ،انہوں نے کہا کہ میرا آئندہ انتخابی ایجنڈا صرف اور صرف صوابی کے گھر گھر گیس پہنچانا ہے ۔