کراچی (نیوز ڈیسک) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل دیکھنے کے آئیں گے اور فائنل میچ کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ اطلاعات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان کو کراچی میں ہونے والے فائنل میچ کو دیکھنے کی دعوت دی گئی تھی جو انہوں نے قبول کر لی ہے اور وہ اس اہم مقابلے کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ وزیر اعظم کے ہمراہ وزرا اور ارکان پارلیمنٹ بھی میچ دیکھیں گے۔ ادھر وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم کے ساتھ ساتھ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ، صدر پاکستان ممنون حسین، صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، فوج کے اعلیٰ افسران سمیت دیگر کو بذریعہ خط میچ دیکھنے کی دعوت دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے خط میں تحریر کیا کہ حکومت سندھ کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ سندھ کے عوام پی ایس ایل کے فائنل میچ کی میزبانی کر رہے ہیں اور اس اہم موقع پر سندھ کے عوام کی طرف سے آپ کو میچ دیکھنے کی دعوت دیتا ہوں۔