پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایک منصوبے پر 3 سو ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیںجبکہ جنوبی پنجاب میں پینے کا صاف دستیاب نہیں، چولستان میں انسان اور جانور ایک ہی جگہ سے پانی پیتے ہیں۔
ملتان میں اڈہ بند بوسن میں سرائیکستان یکجہتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ساڑھے 3کروڑ آبادی پر مشتمل جنوبی پنجاب آج بھی یہ خطہ تعلیم، صحت، صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔
اس خطے کے ساتھ دانستہ یا غیر دانستی نا انصافی کی جا رہی ہے، اس خطے کی محرومیاں دور کرنے کے لئے ایک صوبے کی ضرورت ہےاور اس سے وفاق مضبوط ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد اور لاہور کے پاس طاقت ہے اور دونوں ہمیں حقوق دینے کو تیار نہیں ہیں، کیونکہ جب تک کرپٹ نظام حاوی ہے عوام کی حالت نہیں بدل سکتی اور اس لئے پاکستان میں ایڈمنسٹریٹر بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نےمزید کہا کہ نئی حلقہ بندیوں کے لئے آئین میں ترمیم کرنا پڑی تو اس پر اگر کسی کو اعتراض ہے تو کمیشن میں جائےجبکہ دانیال عزیز کی سربراہی میں بنائی گئی کمیٹی غیر آئینی ہے۔
کراچی میں پی ایس ایل فائنل کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہو رہا ہے، دونوں ٹیمیں زبردست ہیں لیکن میری خواہش ہے کہ پشاور زلمی فائنل جیتے۔