• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر اور گرد ونواح میں بھی کرکٹ کا جنون سر چڑھ کر بولا

سکھر (بیورو رپورٹ) ملک بھر کی طرح سکھر اور گرد ونواح کے علاقوں میں بھی کرکٹ کا جنون سر چڑھ کر بولا۔ پاکستان سپر لیگ کے کراچی میں ہونیوالے فائنل میچ کو دیکھنے کے لئے شہریوں و تاجروں نے گھروں اور دکانوں میں خصوصی انتظامات کیے تھے۔ سوئیٹ ہوم سکھر انتظامیہ کی جانب سے بچوں کو میچ دکھانے کا خصوصی انتظام کیا گیا، معصوم بچے میچ شروع ہونے سے کئی گھنٹے قبل ہی ٹی وی کے سامنے بیٹھ کر پرانے میچز کی جھلکیاں دیکھ کر خوش ہوتے رہے جبکہ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے جناح میونسپل اسٹیڈیم میں بڑی اسکرین لگاکر شائقین کرکٹ کو میچ دکھانے کا خصوصی انتظام کیا گیا۔ میچ کیلئے شہریوں میں بھی کافی جوش و خروش نظر آیا۔ اس دوران شاہراہوں اور تجارتی مراکز میں بھی سرگرمیاں محدود دکھائی دی۔ شہریوں نےاپنے گھروں، گلی و محلوں میں ٹی وی اسکرینیں لگاکر میچ دیکھا ۔ متعدد مقامات پر میچ دیکھنے کے دوران لوگوں کی جانب سے کھانے و پینے کے انتظامات بھی کئے تھے تاکہ میچ کے ساتھ ساتھ ملنے کیلئے آنیوالے دوست و احباب کی خاطر تواضع بھی کی جاسکے۔ شائقین کرکٹ کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے سیمی فائنل اور فائنل کا پاکستان میں ہونا انتہائی خوش آئند بات ہے، آنیوالے دنوں میں انشاء اللہ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائینگے۔
تازہ ترین