اوورسیز پاکستانیوں کے دِل میںوطن کی محبت ان سے کہیں زیادہ ہوتی ہے ،جو وطن عزیز میں رہتے ہیں۔پاکستان میں آنے والی ناگہانی قدرتی آفات اور ہر طرح کی تکلیف میںدیارغیر میں مقیم پاکستانی اپنے ہم وطنوں کی خدمت اور مدد میں پیش پیش ہوتے ہیں ۔
یہ لوگ وطن عزیز میں ہونے والی سیاسی سرگرمیوں میں بھی اُسی طرح حصہ لیتے ہیں جیسے وہ پاکستان میں ہی مقیم ہوں ، پھر سیاسی قائدین سے والہانہ اور دیوانہ وار محبت بھی تارکین وطن پاکستانیوں میں کُوٹ کُوٹ کر بھر دی گئی ہے، یہ اپنا سرمایہ اور وقت سیاسی قائدین پر نچھاور کرنا اولین فرض سمجھتے ہیں ۔
پاکستان کے معرض وجود میں آنے کے تقریباً پندرہ سال بعد ہی پاکستانیوں کا دوسرے ممالک میں قسمت آزمائی کے لئے ہجرت کا شروع ہونے والا سلسلہ آج تک جاری ہے ،پاکستانی سیاسی جماعتوں کے قائدین سیر و سیاحت کے لئے یا پاکستان سے رفو چکر ہو کر جب بھی دیار غیر میں آئے تو وہاں مقیم پاکستانیوں نے اپنی اوقات سے کہیں بڑھ کر اُن کی خدمت کی ،سیاسی قائدین کو جب بھی موقع ملا انہوں نے اِس خدمت کا صلہ دیا ۔
میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف اپنے اہل خانہ کے ساتھ جب پاکستان سے جلا وطن کر دیئے گئے تو اُس وقت چند پاکستانیوں نے دوسرے ممالک میں اِن جلا وطنوں کو اپنی آنکھوں پر بٹھایا ، اُن کی تابعداری کی ، اُن کی آواز کے ساتھ اپنی آواز ملائی ، اُن کے حقوق کے لئے نعرے لگائے اور جب کسی کو معلوم نہیں تھا کہ کبھی مسلم لیگ( ن) کی حکومت آئے گی، تب بھی تارکین وطن پاکستانیوں نے دوسرے ممالک میں مسلم لیگ( ن) جیسی جماعت کو زندہ رکھا ۔
ا سپین میں مسلم لیگ کی بنیاد منظور حسین شمس نے رکھی جو کئی سال اس جماعت کے صدر رہے، اس کے بعد مسلم لیگ (ن)ا سپین کی صدارت کبھی تنازعات کا باعث بنی تو کبھی ایک سے زیادہ صدور بھی اس جماعت میں سامنے آئے ، لیکن گذشتہ سال مسلم لیگ (ن)ا سپین کے بہت سے دھڑوں نے ایک پلیٹ فارم پر مل بیٹھنے کا فیصلہ کیا اور حاجی ا سد حسین کی قیادت میں مسلم لیگ( ن) اسپین کے نئے سیاسی سفر پر رواں دواں ہو گئی ۔
حاجی اسد حسین کی ایک سالہ مدت صدارت پوری ہونے کے بعد اس سال ایاز عباسی کو مسلم لیگ (ن )اسپین کا متفقہ طور پر صدر چن لیا گیا اور انہوں نے اپنی ایگزیکٹو باڈی ترتیب دی ۔
پاکستان مسلم لیگ (ن)ا سپین کے صدر اور نئی ایگزیکٹو باڈی ممبران کی تقریب حلف برداری گزشتہ دنوں بارسلونا میں منعقد ہوئی، جس میں لیگی کارکنان ، عہدیداران اور مسلم لیگ (ن) سے وابستگی اور محبت رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت ایاز چک مٹھانہ نے حاصل کی۔ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض پارٹی کے جنرل سیکریٹری ملک شاہد حسین نے ادا کئے۔
تقریب میں نو منتخب صدر ایاز عباسی نے چیئر مین مسلم لیگ( ن) میاں محمد اظہر کو حلف دیتے ہوئے قائدین اور پارٹی پالیسیوں کا احترام ، وطن عزیز سے محبت اور اپنی جماعت کو مستحکم بنانے کا عزم کیا،جبکہ مسلم لیگ (ن )اسپین کے نومنتخب صدر نے یہی حلف باقی تمام عہدیداران سے لیا۔اس موقعے پر لودھراں سے مسلم لیگ کو سیٹ جیتنے پر مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔
حلف برداری کی اِس تقریب سے سینئر نائب صدرمیاں عمران ساجد ، سرپرست اعلیٰ حاجی اسد حسین ، مجلس عاملہ کے چیئر مین چوہدری سکندر مانگٹ ،مسلم لیگ (ن) کاتالونیا کے صدر راجہ ساجد محمود ،یوتھ ونگ کے راجہ مظہر ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری راجو الیگزینڈر ، سینئر رہنما چوہدری افضال ، کشمیری رہنما سردار ارشد اور دوسرے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2018کے قومی انتخابات مسلم لیگ (ن) ہی جیتے گی۔
مقررین کا کہنا تھا کہ جھوٹ ، بہتان اور یو ٹرن سیاست کا قلع قمع ہو چکا جس کا سب سے بڑا ثبوت لودھراں کی عوام نے لیگی کارکن اقبال شاہ کی جیت کی شکل میں دے دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح سرگودھا کی سیٹ بھی مسلم لیگ (ن) نے جیتی ہے ، تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سینٹ میں پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کا نشان اور نام چھین لیاگیا تھا اس کے باوجود سینٹ میں سب سے بڑی جماعت بن کر ابھرنا مسلم لیگ( ن) کی شان ہے ،پاکستانی عوام کے دلوں میں میاں محمد نواز شریف کی محبت زندہ ہے جو ہمیشہ رہے گی۔
مسلم لیگ (ن )اسپین کے نو منتخب صدر ایاز عباسی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں تمام مسلم لیگیوں کو ساتھ لے کر چلوں گا ،ہم اسپین بھر میں مسلم لیگ (ن) کی ممبر شپ کا آغاز کریں گے اور یورپی ممالک سے تمام لیگیوں کو اکھٹا کرکے اپنے قائدین کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔
تقریب میں مہر قمر علی چوہدری ، حاجی خالد ، راجہ فاروق اعظم ، رفاقت علی اور خاور عباس سمیت دوسرے لیگی عہدیداران شریک ہوئے۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کے استحکام اور سلامتی کے لئے دعا ئیں کی گئیں۔