شام کی چائے ہلکے پھلکے بیکری آئٹمز کے بنا ادھوری رہتی ہے،لیکن اگر بسکٹس اور نان خطائیاں اپنے ہاتھوں سے تیار کرکے چائے کے ساتھ پیش کیے جائیں توناصرف چائے کا لطف دوبالا ہوجائے بلکہ لوگ آپ کے سگھڑاپے کی داد دیے بغیر بھی نہ رہ سکیں....تو آئیے!شام کی چائے کے لیےتیاری کرلیں:
بیکری جیسی نان خطائی چولھے پر بنائیں:
اجزاء
میدہ ، دو کپ،چینی ،تین چوتھائی کپ،گھی ،آدھا کپ یا (اتنا کہ آٹا گوندھا جا سکے)،بیکنگ پاؤڈر،ایک چائے کا چمچ،سوجی ،آدھا کھانے کا چمچ،بیسن (اگر چاہیں تو ڈالیں) دو کھانے کے چمچ،انڈے کی زردی، ایک عدد
ترکیب
انڈے کی زردی کے علاوہ تمام اجزا ملا کر آٹے کی طرح سخت گوندھ لیں۔ اب بیلن سے بیل کر بسکٹ کٹر سے کاٹ لیں یا ہاتھ سے گول بسکٹ کی شکل دے لیں۔
توے کو تیز آنچ پرگرم کریں، نان اسٹک فرائنگ پین کو تھوڑے تیل سے چکنا کر کےاس پر کچھ فاصلہ دے کر نان خطائیاں رکھیں اور انڈے کی زردی کو اس پر برش سے لگائیں۔ توا تیز گرم ہو جائے تو اس کی آنچ دھیمی کر کے اس پر فرائنگ پین رکھیں اور اسے کسی ڈھکن سے اچھی طرح بند کر دیں۔
نان خطائی تقریباً بیس منٹ میں تیار ہو جاتی ہے۔ اس دوران ایک یا دو بار چولہے کی آنچ تیز کر کے توے کو گرم کر لیں اور پھر دھیمی آنچ کر دیں۔ جب نان خطائیاں نیچے سے ہلکی براؤن ہونے لگے تو وہ تیار ہیں۔ فرائنگ پین کو چولہے سے اتار کر ڈھکن ہٹا دیں اور توا تیز گرم کر کے فرائنگ پین پر دو سے تین منٹ کے لیے ڈھک دیں تاکہ اوپر رنگ آجائے۔لیجیے، مزیدار نان خطائیاں تیار ہیں۔
انہیں کسی ٹرے میں پھیلا کر ٹھنڈا کر لیں اور ائیر ٹا ئٹ جار میں بھر کر محفوظ کر لیں۔ ان کی تازگی ایک ماہ تک برقرار رہتی ہے۔ مزید ذائقے دار بنانے کے لیےان میں بناسپتی گھی کے بجائے دیسی گھی بھی استعمال کیا جا سکتا ہے اور الائیچی پا ؤڈر ، کٹے ہوئے بادام یاپستے بھی شامل کیے جا سکتے ہیں۔
کرنچی ڈراپس :منفرد ذائقے کے ساتھ
اجزاء
مکھن ، چھ اونس،چینی ، 3/4 کپ،میدہ ، پونے دو کپ،دودھ ، دو کھانے کے چمچ،کٹے ہوئے اخروٹ ،دو اونس،چیری کٹی ہوئی ، دو اونس،ونیلاایسنس ، ایک چائے کا چمچ،انڈے ، دوعدد،بیکنگ پاؤڈر ،پونے دو چائے کا چمچ،سوڈا بائی کاربونیٹ ، ¼ چائے کا چمچ،کٹی ہوئی کھجوریں ، چار اونس،کارن فلیکس ،دو چمچ
ترکیب
مکھن اور چینی کو پھینٹ لیں اور ونیلا ایسنس ملا دیں۔ ایک ایک کر کے انڈے بھی ملا دیں۔ میدہ، بیکنگ پاؤڈر اور سوڈا چھان لیں اور انڈوں والے مرکب میں بمعہ دودھ ملادیں۔ اب کٹے ہوئے اخروٹ ، چیری اور کھجوریں بھی ملا دیں اور میدے کو اچھی طرح سے مل لیں۔
ایک چائے کے چمچ کے برابر میدہ لے کر کارن فلیکس پر ڈال کر رول کریں اور چکنائی لگی اوون ٹرے میں مناسب فاصلے پر رکھ دیں۔ گرم اوون میں 180 یا 350 ڈگری پر رکھ کر پندرہ سے بیس منٹ تک بیک کر کے گولڈن کرلیں۔ تقریباً 35 عدد بسکٹس بنیں گے۔