• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب فٹ بال ایسو سی ایشن کے صدر نوید حیدر کے خلاف اجلاس ناکام

پنجاب فٹ بال ایسو سی ایشن کے صدر نوید حیدر کے خلاف اجلاس ناکام

پنجاب فٹ بال ایسو سی ایشن کے صدر سردار نوید حیدر کے خلاف بلایا گیا سرکاری سرپرستی میں پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کا اجلاس ناکامی کا شکار ہوگیا۔

اجلاس میں بلائے گئے پنجاب بھر کے 36 اضلاع میں سے صرف 11 اضلاع کے نمائندے ہی شرکت کرسکے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب فٹ بال ایسو سی ایشن کے صدر سردار نوید حیدر اور ساتھیوں کے خلاف عدم اعتماد کیلئے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے پنجاب کے متحارب گروپ نے لاہور کے مقامی سرکاری کالج میں حکومتی سرپرستی میں پنجاب کے تمام اضلاع کی ایسو سی ایشنوں کا اجلاس بلایا۔

تمام تر سرکاری وسائل اور دبائو کے باوجود اجلاس میں پنجاب بھر کے 36میں سے محض 11اضلاع کے نمائندے ہی شریک ہوسکے اور ضلعی ایسو سی ایشن کے نمائندوں کی اکثریت نے اس اجلاس میں شرکت نہ کرکے پاکستان فٹ بال فیڈریشن فیصل صالح حیات پر اعتماد کا اظہار کردیا ہے۔

فٹ بال فیڈریشن کے خلاف ہونے والے اجلاس کی صدارت فیفا کی جانب سے تاحیات پابندی کے شکار سابق عہدیدار نے کی جبکہ دیگر میں فٹ بال کی تباہی، گزشتہ 3 سال میں پی ایف ایف کے مالی وسائل کی لوٹ کھسوٹ میں ملوث افراد تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فیفا کی جانب سے پاکستان کی معطلی کے ذمہ دار بھی یہی لوگ گردانے جاتے ہیں جنہوں نے اس تمام عرصہ میں پی ایف ایف کے ہیڈ کوارٹرز کی عمارت پر قبضہ کئے رکھا اور فٹ بال کے کھیل کو اپنے گھر کی لونڈی بنائے رکھا۔

تازہ ترین