کراچی(اسٹاف رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان نے کہا ہے کہ پانچ برس تک مولانا فضل الرحمٰن اور سراج الحق کو اسلام کی کوئی فکر نہیں تھی سراج الحق عمران خان کے اور مولانا فضل الرحمٰن نواز شریف کے اتحادی ہیں مولانا فضل الرحمٰن عمران خان کو برا بھلا کہتے رہے اورسراج الحق نواز شریف پر کرپشن کے الزمات لگاتے رہے اقتدار کے خاتمے کے قریب آتے ہی دونوں کواسلام یاد آگیا ایم ایم اے کی بحالی اسلام کے لیے نہیں بلکہ اسلام آباد کے لیے ہے ،کراچی کے پختون سرخ جھنڈے تلے متحد ہوجائیں۔ محمود اچکزئی کی فاٹا انضمام کی مخالفت سمجھ سے بالاتر ہے۔ شاہی سید کی رہائش گاہ مردان ہاؤس میں پارٹی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات سے قبل فاٹا کو خیبر پختون اسمبلی میں مناسب نمائندگی دی جائے فاٹا کی عوام کوپشاور ہائی کورٹ تک رسائی دی جائے آپریشن سے بے گھر ہونے والے قبائلیوں کی جلد از جلد باعزت واپسی یقینی اور نقصانات کا مناسب ازالہ کیا جائے قبائلیوں میں بے چینی شدید تر ہوتی جارہی ہے فاٹا کی محرومیوں کا جلد از از جلد ازالہ کیا جائے کسی صورت باچا خان بابا کے عدم تشدد کے راستے کو نہیں چھوڑیں گے باچا خان اور ولی خا ن بابا کے افکار کی روشنی میں پختونوں اور تمام مظلوم قومیتوں کی بقاء کی جدوجہد جاری رکھیں گے عوامی نیشنل پارٹی ہو یا نیپ کبھی مصلحتوں کا شکار نہیں ہوئی فاٹا کے خیبر پختون خوا کے انضمام کے حوالے سے جلد ایک اور آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔